سری نگر : دانش علی
کشمیر کی ثقافت اور موسیقی کی روایت میں رباب کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ یہ ساز نہ صرف کشمیری لوک موسیقی بلکہ صوفیانہ کلام اور چھکری موسیقی کا بھی اہم حصہ ہے۔ وقت کے ساتھ موسیقی کے انداز اور سازوں کی دنیا میں تبدیلیاں آتی رہی ہیں لیکن وادی کشمیر میں کچھ ایسے ہنرمند بھی موجود ہیں جو اپنی محنت اور فن کے ذریعے اس قدیم روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے وندپورہ سے تعلق رکھنے والے مشتاق احمد انڈار بھی انہی ہنرمندوں میں شامل ہیں جو گزشتہ 33 برس سے رباب بنانے کے کام سے وابستہ ہیں۔مشتاق احمد کے تیار کردہ رباب اپنی خوبصورتی اور منفرد نقش و نگاری کے باعث بھی توجہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے روایتی رباب کی ساخت میں کچھ تبدیلیاں کرکے اسے ایک نیا انداز دیا ہے۔ ان کے تیار کردہ سازوں پر کی گئی باریک نقش و نگاری اور آرائش انہیں دوسرے رباب سے منفرد بناتی ہے۔


والد سے وراثت میں ملا رباب بنانے کا فن
مشتاق احمد انڈار نے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے رباب بنانے کا فن اپنے والد سے سیکھا ہے۔ اس کام سے انہیں تقریباً 32 سے 33 برس ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی شناخت بھی اسی ہنر کی وجہ سے ہے اور لوگ انہیں رباب سازی کے حوالے سے جانتے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ اگر کوئی انہیں پہچانتا ہے تو اس کی بنیادی وجہ ان کا یہی فن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس کام کے ذریعے عزت اور پہچان عطا کی ہے۔
روایتی رباب کو دیا جدید اور خوبصورت انداز
مشتاق احمد نے بتایا کہ پہلے رباب کی ساخت نسبتاً سادہ ہوا کرتی تھی۔ اس میں موجودہ دور جیسی آرائش اور نقش و نگاری نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے اس روایتی ساز کو نئے انداز میں تیار کرنے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف تجربات کیے۔ان کا مقصد رباب کی بنیادی شناخت اور روایتی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مزید خوبصورت بنانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے تیار کردہ رباب میں روایتی فن اور جدید کاریگری کا امتزاج نظر آتا ہے۔
کشمیر کی موسیقی میں رباب کی اہمیت
کشمیر میں رباب محض ایک موسیقی کا ساز نہیں بلکہ یہاں کی تہذیبی اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ چھکری موسیقی ہو یا صوفیانہ کلام۔ رباب کی آواز دونوں میں ایک خاص روحانی اور ثقافتی رنگ پیدا کرتی ہے۔ اس ساز کی دل کش آواز کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔مشتاق احمد انڈار جیسے کاریگر اسی روایت کو اپنے ہنر کے ذریعے آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ رباب سازی کا یہ قدیم فن صرف ماضی کی یاد بن کر نہ رہ جائے بلکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے واقف ہوں اور اسے اپنائیں۔


ہنرمند کی پہچان اس کا فن
مشتاق احمد کے مطابق انہیں جو عزت اور پہچان ملی ہے وہ اسی کام کی بدولت ہے۔ ان کی تیار کردہ رباب کی مانگ اور اس فن سے وابستگی اس بات کا ثبوت ہے کہ روایتی ہنر آج بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ان کی کہانی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ کسی علاقے کی ثقافتی شناخت کو زندہ رکھنے میں فنکاروں اور ہنرمندوں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ رباب سازی کے ذریعے مشتاق احمد انڈار نہ صرف اپنے خاندانی ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں بلکہ کشمیر کی موسیقی کی ایک اہم روایت کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔