آسام: فلم ’رامائن‘ میں زین العابدین کا ہنر چمکا؛ ان کے تیار کردہ ملبوسات کی دھوم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2026
آسام: فلم  ’رامائن‘ میں زین العابدین کا ہنر چمکا؛ ان کے تیار کردہ ملبوسات کی دھوم
آسام: فلم ’رامائن‘ میں زین العابدین کا ہنر چمکا؛ ان کے تیار کردہ ملبوسات کی دھوم

 



 عارف الاسلام / جانیا (بارپیٹا)

آسام کا روایتی دستکاری کا ہنر فلم ’رامائن: پارٹ 1‘ کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہا ہے۔ پانچ نومبر کو دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے تقریباً 4,000 کروڑ روپے کے بڑے بجٹ نے آسام کے بانس اور بید سے بنی دستکاری اور مقامی کاریگروں کی مہارت کو ایک نیا مقام دیا ہے۔

فلم میں جنگل میں بن باس کے مناظر کے دوران بھگوان رام، سیتا اور لکشمن کے کرداروں میں بالترتیب رنبیر کپور، سائی پلوی اور روی دوبے نے جو خصوصی زرہیں اور ملبوسات پہنے ہیں، وہ مغربی آسام کے ضلع بارپیٹا کے جانیا علاقے کے بانگلی پارا گاؤں کے کاریگر زین العابدین نے ناگین بسواس اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر تیار کیے ہیں۔

رامائن کی کہانی کے مطابق، بن باس کے دوران شاہی لباس ترک کرکے کرداروں کو جنگل کے ماحول سے مطابقت رکھنے والے سادہ ملبوسات پہننے تھے۔ ان مناظر کو حقیقت سے قریب تر دکھانے کے لیے فلم کے کاسٹیوم ڈیزائنر اجے کمار نے آسام میں اپنے رابطوں کے ذریعے مناسب خام مال اور ہنرمند کاریگروں کی تلاش شروع کی۔ اسی سلسلے میں رضاکار تنظیم جانیا گرام اُنیان پریشد کے اہم رکن عبدالمالک کے توسط سے وہ علاقے میں پہنچے اور بانس و بید کے کاریگر زین العابدین سے ملاقات کی۔ یہی ملاقات ایک غیر معمولی کام کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئی۔

ڈیزائن سے فلمی ملبوسات تک کا سفر

’آواز دی وائس‘ سے خصوصی گفتگو میں زین العابدین نے بتایا کہ ابتدا میں عبدالمالک کے ذریعے ان سے رابطہ کیا گیا۔ انہیں زرہوں کے خاکے اور تصاویر دکھا کر پوچھا گیا کہ کیا وہ اس طرح کی چیزیں تیار کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’میں، ناگین بسواس اور ہماری ٹیم گرام اُنیان پریشد کے دفتر گئے۔ وہاں ڈیزائن دیکھنے کے بعد ہم نے کہا کہ کوشش کریں تو یہ کام کرسکتے ہیں۔ بعد میں فلم کے آرکیٹیکٹ ساگر شری دھا، جنہیں ساگر مالی بھی کہا جاتا ہے، وہاں آئے۔ اس کے بعد مجھے اور ناگین بسواس کو بلایا گیا۔ انہوں نے پورا کام سمجھایا اور کہا کہ اگر کسی طرح کی دشواری پیش آئے تو وہ ہماری مدد کریں گے اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں گے۔‘‘

ابتدا میں کاسٹیوم ڈیزائنر اجے کمار کی جانب سے موٹے کاغذ پر تیار کردہ مخصوص خاکے کی مدد سے زین العابدین اور ناگین بسواس نے تقریباً ایک ماہ میں بید کی زرہ کا نمونہ تیار کیا۔ اسے ممبئی لے جاکر رام اور لکشمن کا کردار ادا کرنے والے فنکاروں کو پہنا کر دیکھا گیا۔ اس تجربے کے بعد ملبوسات میں کچھ تبدیلیوں کی ضرورت محسوس ہوئی۔

اس کے بعد اجے کمار دوبارہ آسام آئے اور کئی دن زین العابدین کی ورکشاپ میں رہ کر زرہوں کی باریک تفصیلات اور ان کی تیاری کی نگرانی کی۔ چونکہ فلم کے جنگی مناظر میں فنکاروں کو دوڑنا اور چھلانگ لگانا تھا، اس لیے زرہوں کو ہلکا، آرام دہ اور محفوظ بنانے کے لیے ان کے اندر خصوصی ربڑ لگانے کا مشورہ دیا گیا۔

زین العابدین نے بتایا کہ یہ تمام ملبوسات ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک مکمل طور پر ہاتھ سے تیار کیے گئے۔ اس دوران بید کو کاٹنے، بھگونے، موڑنے اور مطلوبہ شکل دینے کا کام نہایت احتیاط سے انجام دیا گیا۔

انہوں نے کہا، ’’ابتدا میں ہمیں موٹے کاغذ پر ایک سانچہ بناکر دیا گیا تھا۔ اس کی پیمائش کے مطابق ہم نے ایک زرہ تیار کی، جسے ممبئی لے جاکر فنکاروں کو پہنایا گیا۔ آزمائش کے دوران معلوم ہوا کہ زرہ پوری طرح فٹ نہیں ہورہی اور بید کچھ سخت ہے۔ اس کے بعد ہمیں ضروری تبدیلیاں بتائی گئیں۔ زرہ کو پہننے میں آرام دہ بنانے کے لیے ہم نے اندرونی حصے میں ربڑ کا استعمال کیا۔‘‘

تین سال تک خفیہ رہا فلم کا کام

اس پورے منصوبے کو انتہائی رازداری کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ زین العابدین کو ابتدا میں اندازہ ہی نہیں تھا کہ وہ کسی بڑے فلمی منصوبے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ یہ محکمہ جنگلات کی کسی عام فلم کے لیے ملبوسات تیار کیے جارہے ہیں۔

ایک مرتبہ ان کے ساتھی ناگین بسواس کی بیٹی نے انجانے میں زرہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔ اجے کمار کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے فوراً تصویر ہٹوا دی اور کاریگروں کو سختی سے ہدایت دی کہ فلم کی ریلیز سے پہلے اس کام کی کوئی تصویر یا تفصیل عام نہ کی جائے۔ اس کے بعد کاریگروں نے مزید احتیاط برتی اور تین سال کے دوران ممبئی کو اپنی پیمائش کے مطابق تیار کردہ 30 سیٹ فراہم کیے۔

زین العابدین نے کہا، ’’ہم نے یہ زرہیں مقامی طور پر پیدا ہونے والے اعلیٰ معیار کے بید سے تیار کی تھیں۔ ہمیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ ہمارے بنائے ہوئے ملبوسات اتنے بڑے فلمی منصوبے میں استعمال ہوں گے۔ ابتدا میں ہم اسے محکمہ جنگلات کی کسی فلم کا کام سمجھ رہے تھے۔ ہمیں آخری مرحلے میں معلوم ہوا کہ ہم ایک بہت بڑی فلم کے لیے کام کررہے ہیں۔ اجے کمار اور ساگر نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ فلم کی ریلیز سے پہلے زرہوں کی تصاویر کسی بھی صورت سوشل میڈیا پر نہیں ڈالی جائیں گی اور نہ ہی کسی سے اس کام کے بارے میں بات کی جائے گی۔‘‘

10 سے 15 کاریگروں کی اجتماعی محنت

زین العابدین نے اس کامیابی کو اپنی انفرادی کامیابی کے بجائے پوری ٹیم کی مشترکہ محنت قرار دیا۔ ان کے مطابق، تقریباً 10 سے 15 افراد نے اس منصوبے میں حصہ لیا، جن میں ناگین بسواس، شاہدالاسلام، نندلال سرکار، رمن داس اور منٹو داس شامل ہیں۔ ان کاریگروں نے دن رات محنت کرکے یہ ملبوسات تیار کیے۔ آج ان کے ہاتھوں کا ہنر بالی ووڈ کے بڑے پردے پر اپنی چمک بکھیر رہا ہے۔

ناگین بسواس نے بھی ’آواز دی وائس‘ سے گفتگو میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم سب بہت خوش ہیں۔ زین العابدین اور میں گزشتہ تقریباً دس برسوں سے ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔ اس منصوبے میں ہمارے ساتھ مزید دس افراد کی ٹیم بھی شامل تھی۔ ہمیں نئی چیزیں بنانے میں بہت لطف آتا ہے۔ ہم نے دن رات محنت کی۔ آرکیٹیکٹ ساگر نے بھی ہمارے ساتھ بہت محنت کی۔ وہ ہمارے پاس بیٹھتے، کام کا مشاہدہ کرتے اور ہمیں ہر چیز دکھا کر سمجھاتے تھے کہ کیا کرنا ہے اور کیسے کرنا ہے۔ وہ ہمارے پورے کام کے طریقے کو دیکھتے تھے۔ اس ہنر کے تئیں ان کی دلچسپی دیکھ کر ہمارا حوصلہ مزید بڑھ گیا۔‘‘

سات برس کی عمر سے دستکاری سے وابستگی

زین العابدین کو بانس اور بید کی دستکاری وراثت میں ملی ہے۔ ان کے والد بھی اسی فن سے وابستہ تھے اور انہوں نے ہی اپنے بیٹے کو یہ ہنر سکھایا۔ زین العابدین کے مطابق، وہ سات یا آٹھ برس کی عمر سے اس کام میں مصروف ہیں۔ جس طرح انہوں نے اپنے والد سے یہ فن سیکھا، اسی طرح اب اپنے دو بیٹوں کو بھی اپنی ورکشاپ میں ساتھ رکھ کر یہ ہنر سکھا رہے ہیں۔

وہ 2007 میں ایک بنگالی فلم کے لیے سیٹ ڈیزائننگ کا کام بھی کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف ریزورٹس اور بڑے ہوٹلوں کے لیے بھی ڈیزائن تیار کیے ہیں۔ فی الحال وہ اپنے گھر میں قائم ورکشاپ ’رومی کین اینڈ بانس فرنیچر‘ میں دستکاری کا کام کرتے ہیں۔

ان کے مطابق، بڑے سائز کا بید اروناچل پردیش، میگھالیہ اور کاربی آنگلون سے حاصل کیا جاتا ہے، جب کہ چھوٹا بید بارپیٹا اور آسام کے آس پاس کے اضلاع میں دستیاب ہے۔

مقامی ہنر کو آن لائن مارکیٹ تک پہنچانے کی کوشش

کاروباری افراد الکیش داس اور مانسی پاٹھک زین العابدین اور ان کے ساتھیوں کی تیار کردہ مختلف مصنوعات کی آن لائن تشہیر اور فروخت کا کام کرتے ہیں۔ الکیش داس نے بتایا کہ وہ گزشتہ تقریباً سات برسوں سے ان کاریگروں کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’زینال دا، ناگین دا اور ان کے ساتھی غیر معمولی مہارت کے ساتھ بہت خوبصورت مصنوعات تیار کرتے ہیں۔ ہم ان کی مصنوعات کی آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے مارکیٹنگ کرتے ہیں۔ ان کی بیشتر مصنوعات کی مانگ ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔ ہمیں اس بات پر بے حد فخر اور خوشی ہے کہ ان ماہر کاریگروں کا کام اب بڑے پردے تک پہنچ گیا ہے۔ یہ صرف ان کی کامیابی نہیں، بلکہ پورے آسام کی کامیابی ہے۔ اس سے آسام کی بانس اور بید کی دستکاری کے معیار کو بھی عالمی سطح پر پہچان ملی ہے۔‘‘

مانسی پاٹھک نے بھی اسے پورے آسام کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بھی ابتدا میں اس بڑے فلمی منصوبے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ جب انہیں اس کی خبر ملی تو وہ حیران ہونے کے ساتھ بے حد خوش ہوئیں۔ ان کے مطابق، آسام کی روایتی دستکاری کا عالمی سطح پر پہنچنا سب کے لیے فخر کی بات ہے۔

فلم میں آسام کی اداکاراؤں کی بھی موجودگی

فلم ’رامائن‘ میں آسام کی نمائندگی صرف بانس اور بید سے تیار کردہ ملبوسات تک محدود نہیں ہے، بلکہ وہاں کی اداکاراؤں نے بھی فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے۔ گوہاٹی کی اداکارائیں سوربھی داس اور انیشا دیول نے اس فلم سے بالی ووڈ میں اپنی شروعات کی ہیں۔

سوربھی داس اس سے قبل آسامی ٹیلی ویژن سیریلز کے علاوہ ہندی سیریلز ’نیما ڈینزونگپا‘ اور ’پانڈیا اسٹور‘ میں اپنی اداکاری کے باعث مقبولیت حاصل کرچکی ہیں۔ ان کی شمولیت نے بھی آسام کے لوگوں کو فخر کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔

یوں ’رامائن‘ کے ذریعے آسام کے روایتی ہنر، مقامی کاریگروں کی محنت اور وہاں کے فنکاروں کو ایک بڑا پلیٹ فارم ملا ہے۔ زین العابدین اور ان کی ٹیم کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ دیہی علاقوں میں موجود روایتی ہنر بھی عالمی سطح کے بڑے منصوبوں کا حصہ بن سکتا ہے۔