کشمیر میں سیب فیسٹول کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-10-2021
کشمیر میں سیب فیسٹول کا آغاز
کشمیر میں سیب فیسٹول کا آغاز

 

 

سری نگر : وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو سرینگر میں پہلے ایپل فیسٹیول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر تومر نے جموں و کشمیر حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں مرکزی حکومت مختلف اسکیموں کیلئے فراہم کردہ فنڈز سے ریاست میں زراعت کی ترقی کیلئے بہت اچھا اور تیز کام کر رہی ہے ۔

سیب اور کشمیر ایک دوسرے کے مترادف ہیں، یہ اہم فصل ہے اوریہ اہم انعقاد یہاں سیب کے کاشتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ایک بہتر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ تقریباً 22 لاکھ ٹن کی سالانہ پیداوار کے ساتھ یہاں کا سیب قومی پیداوار میں 87 فیصد تعاون دیتا ہے اور جموں و کشمیر کی تقریباً 30 فیصد آبادی کے ذریعہ معاش سے منسلک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے کمی کو پورا کرنے کا کام تیزی سے کیا جا رہا ہے ۔ ملک کی آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت ایپل فیسٹیول کا انعقاد کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ تومر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جموں وکشمیر میں ایک خصوصی اسکیم کے تحت 2300 ہیکٹر رقبے میں اعلی کثافت کے پودے لگائے گئے ہیں اور اعلیٰ کثافت کے پودے لگانے کے مواد کے لئے سب سے بڑا مرکز بھی کھولا جا رہا ہے ۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ قریوں اور زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے کے لئے وزیراعظم نریندرمودی نے مختلف اسکیموں شروع کی ہیں۔ کسانوں کی محنت، سائنسدانوں کی تحقیق اور حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے باعث ملک میں زرعی شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے ۔ اس سے زراعت کی جانب نئی نسل بھی یقینی طورپر راغب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو مزید ترقی دینے کے لئے جموں وکشمیر حکومت کو مرکزی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔ تومر نے کہا کہ وزیر اعظم ملک میں زراعت اور اس سے وابستہ شعبے کی ترقی اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی ساکھ بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں