علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:6 طلبہ کا معروف ٹیکنالوجی کمپنی کوالکوم میں انتخاب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:6 طلبہ کا معروف ٹیکنالوجی کمپنی کوالکوم میں انتخاب
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی:6 طلبہ کا معروف ٹیکنالوجی کمپنی کوالکوم میں انتخاب

 



علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 6 طلبہ کا عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کی کمپنی کوالکوم میں کیمپس تقرری کے ذریعے انتخاب ہوا ہے۔ یہ تقرری مہم حال ہی میں ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تربیتی و تقرری دفتر میں منعقد کی گئی تھی۔کوالکوم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ کیمپس تقرری کے لیے دورہ کیا۔ انتخاب کے عمل میں جائزے اور انٹرویو کے متعدد مراحل شامل تھے۔ ان مراحل کے دوران طلبہ نے اپنی تکنیکی معلومات مسئلے حل کرنے کی صلاحیت اور مجموعی اہلیت کا مظاہرہ کیا۔

منتخب ہونے والے طلبہ بھومک ورشنے کنجل ورشنے محمد انس ال امین ایم عارف رائنی اور ایم شیذان خان ہیں۔ یہ تمام طلبہ بی ٹیک کمپیوٹر کے 2027 بیچ سے تعلق رکھتے ہیں۔ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل نے منتخب طلبہ کو مبارک باد دی اور تقرری مہم کو کامیاب بنانے میں تربیتی و تقرری دفتر کی کوششوں کو سراہا۔

ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی تربیتی و تقرری کی انچارج پروفیسر معینہ اطہر نے تقرری کا عمل منعقد کرنے اور کالج کے طلبہ کو معروف ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کرنے کا موقع فراہم کرنے پر کوالکوم کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کوالکوم کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے اور امید ہے کہ یہ اشتراک آنے والے برسوں میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے مزید مواقع فراہم کرتا رہے گا۔

پروفیسر معینہ اطہر نے منتخب طلبہ کو بھی مبارک باد دی اور کہا کہ ان کا انتخاب دیگر طلبہ کو تعلیم ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ میدان میں بہترین کارکردگی کے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب دے گا۔