حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے مرکز برائے تدریسی ذرائع ابلاغ کے ڈائریکٹر رضوان احمد کو 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) 2026 کی تکنیکی کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ یہ فلمی میلہ 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا۔
اس کمیٹی کی تشکیل حکومت ہند کی وزارت اطلاعات و نشریات نے کی ہے جبکہ نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کو میلے کے انعقاد کے لیے مرکزی ادارے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تکنیکی کمیٹی میں ملک کے ممتاز اداروں اور فلمی صنعت سے وابستہ نامور ماہرین شامل ہیں۔ ان میں معروف فلم ساز اور میلے کے ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر کے علاوہ کیوب سنیما کے کیتن مہتا پُلز الیکٹرانکس کے انیروان گھوش ایس ایم پی ٹی ای کے اجول نرگڈکر پی وی آر اور آئی نوکس کے لوو ملک نیز حکومت ہند اور حکومت گوا کے افسران شامل ہیں۔ اس کمیٹی کی سربراہی معروف سینماٹوگرافر دھرم گلاٹی کر رہے ہیں۔
رضوان احمد کی نامزدگی فلمی تعلیم ڈیجیٹل تدریس ذرائع ابلاغ کی ٹیکنالوجی اور سمعی و بصری شعبے میں ان کی طویل خدمات کا اعتراف ہے۔ انہیں فلم سازی تعلیمی ذرائع ابلاغ ڈیجیٹل ابلاغ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں 25 سال سے زیادہ کا پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے فلمی دنیا تدریسی منصوبہ بندی ڈیجیٹل تعلیم اور تکنیکی جدت کے امتزاج سے متعلق مختلف شعبوں میں کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ فلم سینما مصنوعی ذہانت نئے ذرائع ابلاغ تدریسی ذرائع ابلاغ ڈیجیٹل تعلیم تعلیمی نشریات اور ثقافتی ابلاغ جیسے شعبوں میں متعدد قومی اور بین الاقوامی اداروں کے مشیر اور ماہر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں پیرس میں واقع یونیسکو کے صدر دفتر سے وابستہ مصنوعی ذہانت اور سمعی و بصری ذرائع ابلاغ سے متعلق اقدامات میں تعاون بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ثقافتی اظہار کے تنوع کے تحفظ اور فروغ سے متعلق یونیسکو کے 2005 کے کنونشن سے وابستہ سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا ہے۔
رضوان احمد کی یہ نامزدگی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے لیے باعث افتخار ہے۔ اس سے ذرائع ابلاغ اور سمعی و بصری شعبے میں جامعہ کی بڑھتی ہوئی شمولیت نمایاں ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ذرائع ابلاغ کی تعلیم ڈیجیٹل جدت علمی مشاورت اور قومی و بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے میدان میں جامعہ کی خدمات کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔