حیدرآباد۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ و کامرس کے سابق طالب علم الطاف حسین کو امریکی ریاست ورجینیا کی ولیم اینڈ میری یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے لیے فیلوشپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس فیلوشپ کے تحت الطاف حسین کو تعلیم اور تحقیق کے ساتھ رہائش اور سفر کے اخراجات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ الطاف حسین نے سال 2022 سے 2024 کے درمیان اردو یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ و کامرس سے ایم کام مکمل کیا تھا۔
اب انہیں والٹر جے زیبل گریجویٹ امریکن فیلوشپ سے نوازا گیا ہے جس کے تحت تقریباً 3 کروڑ روپے کی مالی معاونت حاصل ہوگی۔ وہ اس تاریخی ادارے میں اکنامک اینتھروپالوجی میں ڈاکٹریٹ کے لیے تحقیق کریں گے۔ ولیم اینڈ میری کو امریکہ کی دوسری قدیم ترین یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
فیلوشپ کے لیے انتخاب پر صدر شعبہ پروفیسر عبدالعظیم اور ڈین پروفیسر رضی اللہ خان سمیت دیگر اساتذہ نے الطاف حسین کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اردو یونیورسٹی کے کسی طالب علم کا عالمی معیار کے ادارے میں فیلوشپ حاصل کرنا پوری یونیورسٹی کے لیے باعث فخر ہے۔