جامعہ کے سابق طالب علم دھرو بگّا نے قومی تیر اندازی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2026
جامعہ کے سابق طالب علم دھرو بگّا نے قومی تیر اندازی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
جامعہ کے سابق طالب علم دھرو بگّا نے قومی تیر اندازی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

 



نئی دہلی،:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق طالب علم اور ایم بی اے (انٹرنیشنل بزنس) کے طالب علم دھرو بگّا نے تیر اندازی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 46ویں این ٹی پی سی سینئر نیشنل تیر اندازی چیمپئن شپ میں انفرادی گولڈ میڈل جیت لیا۔ یہ مقابلہ 11 سے 18 نومبر 2026 کے دوران میگھالیہ کے شہر شیلانگ میں منعقد ہوا۔

دہلی کی نمائندگی کرنے والے 23 سالہ تیر انداز نے 17 نومبر کو کھیلے گئے فائنل میں غیر معمولی مہارت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر موجود اولمپین اور ورلڈ کپ فائنل کے گولڈ میڈلسٹ دھیرج بومادیوارا کو شکست دی۔ پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے اس سنسنی خیز مقابلے میں دھرو بگّا نے 6-5 سے کامیابی حاصل کی۔

مقابلے کے دوران ایک مرحلے پر دھرو بگّا 3-5 سے پیچھے تھے لیکن انھوں نے ہمت نہیں ہاری اور پانچواں سیٹ 29-28 سے جیت کر مقابلے کو سنگل ایرو ٹائی بریکر تک پہنچا دیا۔ فیصلہ کن تیر اندازی میں دھرو نے ہدف کے عین مرکز پر نشانہ لگاتے ہوئے 10 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ان کے حریف صرف 9 پوائنٹس ہی حاصل کر سکے۔ اس طرح جامعہ کے اس نوجوان تیر انداز نے ایک مضبوط حریف کو شکست دے کر چیمپئن شپ کا گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

دھرو بگّا کا تیر اندازی کا سفر اسکول کے زمانے میں نویں جماعت سے شروع ہوا تھا۔ کھیلوں کے ایک پیریڈ کے دوران ان کے ابتدائی کوچ رویندر کمار نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا اور ان کی رہنمائی کی۔ بعد ازاں دھرو نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی جاری رکھیں۔ اس دوران انھوں نے ایس جی ایف آئی اور جونیئر نیشنل سطح کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیے۔ 2024 میں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی تیر اندازی مقابلوں میں جامعہ کی نمائندگی کرتے ہوئے برونز میڈل بھی جیتا تھا۔

اپنی تازہ کامیابی کے بعد دھرو بگّا نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے حاصل ہونے والی مسلسل ادارہ جاتی حمایت نے انھیں ایم بی اے کی تعلیم اور اعلیٰ سطح کے کھیلوں کے درمیان توازن قائم رکھنے میں اہم مدد فراہم کی۔ انھوں نے یونیورسٹی کی قیادت، اسپورٹس انتظامیہ اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے خاص طور پر جامعہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف، مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، ڈائریکٹر گیمز اینڈ اسپورٹس پروفیسر نفیس احمد اور شعبہ مینجمنٹ اسٹڈیز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر امیر الحسن انصاری کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے اپنے کوچ رویندر کمار، جتیندر کمار اور لوکیش چند کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے دھرو بگّا کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو اپنے ایسے باصلاحیت کھلاڑی پر فخر ہے جس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انھوں نے دھرو کو اس نمایاں کامیابی پر مبارک باد دی اور مستقبل کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جامعہ کے مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے بھی دھرو کی کامیابی کو قابل ستائش قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی محنت، لگن اور غیر معمولی مہارت نے یونیورسٹی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انھوں نے دھرو کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی امید ظاہر کی۔

اسی طرح ڈائریکٹر گیمز اینڈ اسپورٹس پروفیسر نفیس احمد نے دھرو بگّا کے عزم اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی کامیابی سے جامعہ کو قومی سطح پر اعزاز دلایا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ دھرو مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔