نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کی فیکلٹی آف لا کی طالبہ مسکان نے تیسری آئی آئی ایم ٹی نیشنل موٹ کورٹ مقابلہ 2026 میں بہترین محقق (Best Researcher) کا ایوارڈ حاصل کرکے جامعہ کا نام روشن کیا ہے۔ یہ مقابلہ 29 اور 30 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوا تھا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق مسکان بی اے ایل ایل بی (آنرز) کے 2025-2030 بیچ کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے اس مقابلے میں اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کی، جس میں ثانیہ خان نے بطور پہلی مقرر (Speaker 1) اور پروانہ شیخ نے بطور دوسری مقرر (Speaker 2) ذمہ داری نبھائی، جبکہ مسکان نے ٹیم کی محقق (Researcher) کی حیثیت سے حصہ لیا۔
خاص بات یہ ہے کہ تینوں طالبات نے اپنے تعلیمی سفر کے پہلے موٹ کورٹ مقابلے میں شرکت کی اور اپنی محنت، باہمی تعاون اور قانونی تحقیق و وکالت کے تئیں دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ مسکان کو بہترین محقق کا اعزاز ملنا ان کی تحقیقی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

جامعہ کی فیکلٹی آف لا کے ڈین پروفیسر غلام یزدانی نے اس کامیابی پر ٹیم کو مبارک باد دی اور طالبات کی محنت و لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موٹ کورٹ مقابلے طلبہ کو قانونی استدلال، تحقیقی صلاحیت، فہم و فراست اور وکالت کے ہنر کو بہتر بنانے کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ان مقابلوں کے ذریعے طلبہ کو کلاس روم میں حاصل ہونے والے علم کو عملی قانونی مسائل پر آزمانے کا موقع بھی ملتا ہے۔
انہوں نے موٹ کورٹ کمیٹی کے کنوینر پروفیسر قاضی محمد عثمان کی رہنمائی اور مسلسل کوششوں کی بھی تعریف کی، جنہوں نے طلبہ کی شرکت کی حوصلہ افزائی اور فیکلٹی میں موٹ کورٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈین نے جامعہ کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی مسلسل حوصلہ افزائی اور ادارہ جاتی تعاون کی بدولت طلبہ کو قومی سطح کے مقابلوں میں شرکت اور تعلیمی و پیشہ ورانہ میدان میں اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔
موٹ کورٹ کمیٹی نے بھی اس کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔