نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کی فیکلٹی آف لا کے بی اے ایل ایل بی (آنرز) کے آخری سال کے طلبہ علی اصغر اور محمد جنید رب نے 8 اکتوبر 2026 کو ہریانہ کے فریدآباد میں واقع ڈی جی آئی ایم کالج میں منعقدہ قومی قانونی کوئز مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے یونیورسٹی کا نام روشن کیا۔
اس قومی سطح کے مقابلے میں ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے 48 طلبہ نے حصہ لیا۔ مقابلہ تین سخت مراحل پر مشتمل تھا جن میں قوانین سے متعلق گہری معلومات قانونی فہم اور حکمت عملی کے ساتھ فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو پرکھا گیا۔ علی اصغر اور محمد جنید رب نے اپنی غیر معمولی قانونی صلاحیتوں فوری سوچنے کی قوت اور بہترین باہمی تال میل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریف ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اس شاندار کامیابی پر دونوں طلبہ کو نقد انعام فاتح ٹرافی اور اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نام منسوب کیا۔
اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فیکلٹی آف لا کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام یزدانی نے دونوں طلبہ کو مبارک باد دی اور ان کی محنت لگن اور علمی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں فیکلٹی آف لا میں فروغ پانے والے اعلیٰ تعلیمی معیار اور مضبوط قانونی علمی ماحول کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ کامیابیاں دیگر طلبہ کو بھی قومی سطح کے اہم مقابلوں میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
پروفیسر یزدانی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر عاصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کی مسلسل حمایت اور دور اندیش قیادت کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سرپرستی میں ایسا سازگار تعلیمی ماحول قائم ہوا ہے جو قانون کے طلبہ میں مسابقت کے جذبے کو فروغ دینے کے ساتھ علمی برتری اور ہمہ جہت ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
فیکلٹی آف لا نے علی اصغر اور محمد جنید رب کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کی اور ان کے مستقبل کے قانونی سفر میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔