علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ ترسیلِ عامہ کے طالب علم نوید عالم کو تھائی لینڈ کی کرِرک یونیورسٹی کا ہندوستانی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔
نوید عالم کا اس تھائی یونیورسٹی سے 2024 سے تعلق ہے۔ اسی سال انہوں نے ادارے کا دورہ کیا تھا۔ بعد ازاں 2025 میں انہوں نے یونیورسٹی کی بین الاقوامی تعلیمی رسائی کو وسعت دینے اور کیو ایس رینکنگ سے متعلق اقدامات میں بھی تعاون کیا۔
نوید عالم تھائی لینڈ سمیت مختلف ممالک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسوں اور دیگر پروگراموں میں شرکت کر چکے ہیں۔ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے کابینہ رکن بھی رہ چکے ہیں۔
اس تقرری کے حوالے سے نوید عالم نے کہا کہ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور کرِرک یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ اس سلسلے میں دونوں اداروں کی رضامندی سے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں، علمی کانفرنسوں اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی۔