اے ایم یو کی ریسرچ اسکالر ندا حسن کو بین الاقوامی کانفرنس میں بیسٹ اورل پرزنٹیشن ایوارڈ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
اے ایم یو کی ریسرچ اسکالر ندا حسن کو بین الاقوامی کانفرنس میں بیسٹ اورل پرزنٹیشن ایوارڈ
اے ایم یو کی ریسرچ اسکالر ندا حسن کو بین الاقوامی کانفرنس میں بیسٹ اورل پرزنٹیشن ایوارڈ

 



علی گڑھ۔:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ ہوم سائنس کی ریسرچ اسکالر ندا حسن نے بین الاقوامی سطح پر جامعہ کا نام روشن کیا ہے۔ انہیں ماحولیات اور زراعت کے علاوہ انسانی و حیوانی صحت سے متعلق چوتھی بین الاقوامی کانفرنس (ICEAHAH 2026) میں بیسٹ اورل پرزنٹیشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ کانفرنس سوسائٹی آف مائیکرو بایولوجی، بایو کیمسٹری اینڈ بایو ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ہائبرڈ طریقے سے منعقد کی گئی۔ اس کا انعقاد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور عالمی ادارۂ صحت کے ون ہیلتھ اپروچ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔

ندا حسن نے کانفرنس میں اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا جس کا عنوان تھا ’’پائیدار مستقبل کے لیے موٹے اناج: ہندوستان میں خواتین کی غذائیت، روایتی غذائی نظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت کا انضمام‘‘۔

ان کے مقالے میں خواتین کی غذائیت بہتر بنانے اور غذائی تنوع کو فروغ دینے کے ساتھ روایتی غذائی نظام کے تحفظ میں موٹے اناج کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ اس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

ندا حسن نے اپنی پیشکش میں بالخصوص تولیدی عمر کی خواتین کو درپیش غذائی مسائل سے نمٹنے اور پائیدار غذائی نظام کے فروغ میں موٹے اناج پر مبنی خوراک کی افادیت پر روشنی ڈالی۔

ندا حسن ڈاکٹر مریم فاطمہ کی نگرانی میں اپنی تحقیقی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔ شعبہ ہوم سائنس کی چیئرپرسن پروفیسر صبا خان نے اس کامیابی پر ندا حسن اور ان کی نگران ڈاکٹر مریم فاطمہ کو مبارک باد پیش کی۔