علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کے 20 طلبہ نے یو پی ایس سی سول سروسز ابتدائی امتحان 2026 میں کامیابی حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔
اس موقع پر اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسی جذبے اور محنت کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھیں گے اور سول سروسز مینز امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے یونیورسٹی کے وقار میں مزید اضافہ کریں گے۔
ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے اس کامیابی کو طلبہ کی انتھک محنت، لگن اور اکیڈمی کی جانب سے فراہم کی جانے والی معیاری کوچنگ، رہنمائی اور تعلیمی معاونت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کا مقصد باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے بہترین ماحول اور مؤثر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ڈاکٹر محمد فیروز احمد، ڈاکٹر علی عمران اور ڈاکٹر رباب خان نے بھی کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حوصلہ افزا نتائج کے پیش نظر آر سی اے نے یو پی ایس سی سول سروسز مینز امتحان 2026 کے لیے ایک جامع کوچنگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام میں باقاعدہ تدریسی کلاسیں، جواب نویسی کی مشق، مضمون نویسی کی خصوصی رہنمائی، انفرادی سرپرستی اور منظم ٹیسٹ سیریز شامل ہیں تاکہ امیدوار مینز امتحان کی مؤثر تیاری کر سکیں۔
اکیڈمی نے ان دیگر امیدواروں سے بھی درخواستیں طلب کی ہیں جو سول سروسز ابتدائی امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں اور خصوصی کوچنگ و ٹیسٹ سیریز پروگرام سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔