اے ایم یو: آر سی اے کے10 طلبہ کی بی پی ایس سی امتحان میں کامیابی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-06-2026
اے ایم یو: آر سی اے کے10 طلبہ کی بی پی ایس سی امتحان میں کامیابی
اے ایم یو: آر سی اے کے10 طلبہ کی بی پی ایس سی امتحان میں کامیابی

 



علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریذیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے ایک اور نمایاں کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے 70ویں بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) سول سروسز امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اکیڈمی کے 10 طلبہ نے اس باوقار امتحان میں کامیابی حاصل کرکے ادارے کا نام روشن کیا ہے۔

کامیاب امیدواروں میں دلنواز عالم، ام الوریٰ، محمد لطف الرحمٰن، ثانیہ بانو صدیقی، محمد یوسف خان، طیبہ افروز، محمد سلیم، عریشہ خان، عدنان عبداللہ اور ریان حسین شامل ہیں۔ ان طلبہ کی کامیابی کو آر سی اے کی معیاری تربیت اور طلبہ کی انتھک محنت کا ثمر قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اکیڈمی کے اعلیٰ تعلیمی معیار، ہمہ گیر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے باصلاحیت سول سرونٹس تیار کرنے کی مسلسل کوششوں کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور ثابت قدمی کے ساتھ ساتھ اکیڈمی کے مؤثر رہنمائی اور تربیتی نظام کی بھی عکاس ہے۔ پروفیسر محمد حسن نے امید ظاہر کی کہ منتخب امیدوار دیانت داری، ذمہ داری اور بہترین کارکردگی کے ساتھ عوامی خدمت انجام دیں گے اور مستقبل کے امیدواروں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بنیں گے۔

آر سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ڈاکٹر محمد فیروز احمد، ڈاکٹر علی عمران اور ڈاکٹر رباب خان نے بھی کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اساتذہ اور عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے میں مسابقتی اور معاون تعلیمی ماحول کی فراہمی ہی طلبہ کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں بھی آر سی اے کے طلبہ مختلف مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔