علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ لسانیات کے چیئرمین پروفیسر محمد جہانگیر وارثی کو پنجابی یونیورسٹی پٹیالہ میں 18 سے 20 جون تک منعقد ہونے والی ’’53ویں آل انڈیا کانفرنس آف ڈراوڈین لنگوئسٹس‘‘ کے دوران پنجابی لسانیاتی انجمن کی جانب سے ’’لِنگوئسٹ آف دی ایئر 2025‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ باوقار اعزاز پروفیسر وارثی کو اطلاقی لسانیات کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات اور لسانی تحقیق و علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ان کی مسلسل اور گراں قدر کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
کانفرنس میں شعبۂ لسانیات کے دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ان میں ریسرچ اسکالر منظور احمد شامل تھے جنہوں نے ’’چاک بورڈ سے چیٹ بوٹس تک: انگریزی زبان کی تدریس میں مصنوعی ذہانت کا استعمال‘‘ کے عنوان سے اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ ان کی پیشکش کو شرکاء نے بھرپور توجہ اور دلچسپی سے سنا۔
پروفیسر محمد جہانگیر وارثی ملک کے ممتاز ماہرِ لسانیات اور ماہرِ تعلیم شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے تدریس، تحقیق اور علمی قیادت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ امریکہ کے کئی معروف تعلیمی اداروں، جن میں یونیورسٹی آف مشی گن این آربر، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے اور واشنگٹن یونیورسٹی سینٹ لوئس شامل ہیں، میں تدریسی اور تحقیقی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پروفیسر وارثی کو ماضی میں بھی لسانیات اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ ان کا تازہ ترین اعزاز ان کی علمی و تحقیقی خدمات کا ایک اور اہم اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔