علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ شماریات و آپریشنس ریسرچ کے سبکدوش پروفیسر ڈاکٹر قاضی مظہر علی کو یونیورسٹی کے پروفیسر خلیق احمد نظامی مرکز علوم القرآن کا ایک سال کے لیے اعزازی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر قاضی مظہر علی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے شماریات اور کمپیوٹر سائنس میں ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ ان کا تدریسی تجربہ ہندوستان اور بیرون ملک کی 6 یونیورسٹیوں میں چار دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔ انھوں نے قومی اور بین الاقوامی تحقیقی مجلات میں متعدد مقالات شائع کیے ہیں اور ان کی ایک کتاب بھی شائع ہو چکی ہے۔
پروفیسر علی نے ہندوستان اور بیرون ملک کئی اہم تعلیمی اور انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ ان میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنس کے ڈین شعبہ شماریات و آپریشنس ریسرچ کے چیئرمین بین الشعبہ جاتی شعبہ برائے ریموٹ سینسنگ کے چیئرمین کمپیوٹر مرکز کے ڈائریکٹر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے محتسب کے عہدے شامل ہیں۔وہ کئی برس تک بجنور کے قاضیِ شہر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔