علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ پیتھالوجی کے اساتذہ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے ریجنسی ہاسپٹل کانپور کے زیر اہتمام منعقدہ یو پی پیتھ کون 2026 میں علمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور مختلف زمروں میں انعامات حاصل کرکے ادارے کا نام روشن کیا۔
اس کانفرنس میں پروفیسر نشاط افروز نے رحم کی اندرونی جھلی کی بایوپسی میں تشخیصی ابہام کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے کی نظامت کی۔ اس مباحثے میں تشخیص کے دوران پیش آنے والے چیلنجوں اور بافتوں کے خردبینی معائنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
پروفیسر کفیل اختر نے خواتین کے تولیدی اعضا میں رسولی سے مشابہ غیر سرطانی تبدیلیوں کے موضوع پر لیکچر دیا۔ وہیں پروفیسر محمد جسیم نے ’’بلو راؤنڈ سیل ٹیومر‘‘ کے عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا اور پیچیدہ رسولیوں کی تشخیص کے مختلف طریقوں پر گفتگو کی۔
ڈاکٹر بشریٰ صدیقی نے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے منعقدہ علمی مقابلے کی نظامت کی۔ اس مقابلے میں اتر پردیش کے مختلف میڈیکل کالجوں کی 17 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ڈاکٹر مراد احمد نے سائنسی پوسٹر پیش کرنے والے شرکا کی جانچ کے لیے بحیثیت جج خدمات انجام دیں۔
کانفرنس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے ایک اور نمایاں کامیابی اس وقت سامنے آئی جب ڈاکٹر سدرہ خاتون نے سائنسی مقالے کی پیش کش میں دوسرا انعام حاصل کیا جبکہ ڈاکٹر وردھی شرما نے سائنسی پوسٹر پیش کرنے کے مقابلے میں تیسرا انعام جیتا۔ ان کامیابیوں سے شعبہ پیتھالوجی کی علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو نمایاں شناخت حاصل ہوئی۔