واشنگٹن ڈی سی۔:امریکی محکمہ خارجہ نے ویزا اور امیگریشن قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کے لیے ایک نیا خصوصی ڈیجیٹل پورٹل شروع کیا ہے۔ اس پورٹل کے ذریعے عوام سیاحتی۔ طلبہ۔ روزگار اور امیگریشن ویزا سمیت مختلف زمروں میں ممکنہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دے سکیں گے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے ایکس پر پورٹل کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ویزا ایک استحقاق ہے۔ حق نہیں۔ انہوں نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ اس نئے نظام کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں اور ویزا کے غلط استعمال کی اطلاع دیں۔
نئے پورٹل میں کاروباری اور سیاحتی ویزا۔ روزگار کے ویزا۔ تعلیمی پروگرام۔ خاندان کی کفالت کے تحت امیگریشن اور مستقل رہائش سمیت مختلف امیگریشن زمروں سے متعلق شکایات درج کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر خلاف ورزیوں کے لیے بھی ایک عمومی زمرہ رکھا گیا ہے۔محکمہ خارجہ نے شکایت درج کرنے والوں سے ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان میں متعلقہ شخص کا پورا نام۔ ایلین رجسٹریشن نمبر۔ درخواست یا پٹیشن نمبر۔ پاسپورٹ اور ویزا کی تفصیلات۔ تاریخ پیدائش۔ رہائشی پتہ۔ ای میل۔ فون نمبر۔ شہریت اور سوشل میڈیا پروفائل شامل ہوسکتے ہیں۔
یہ نظام کمپنیوں۔ تعلیمی اداروں۔ قانونی فرموں اور دیگر متعلقہ اداروں کے خلاف شکایات بھی قبول کرے گا۔ تنظیموں کے بارے میں شکایت میں تجارتی نام۔ پتہ۔ ویب سائٹ۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس۔ فون نمبر۔ ای میل اور متعلقہ ملازمین کی تفصیلات شامل کی جاسکتی ہیں۔شکایت کنندگان اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر بھی معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔ تاہم جو افراد اپنا نام اور ای میل فراہم کریں گے ان سے مزید وضاحت درکار ہونے کی صورت میں حکام ان سے رابطہ کرسکیں گے۔
شکایت میں مبینہ ویزا فراڈ یا غلط استعمال کی تفصیلات اور متعلقہ سرگرمیوں کی مکمل وضاحت فراہم کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ اضافی معلومات یا پہلے کی گئی شکایات سے متعلق تفصیلات کے لیے بھی الگ جگہ موجود ہے۔امریکی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ جان بوجھ کر غلط معلومات فراہم کرنے پر جرمانہ۔ قید یا دونوں سزائیںہوسکتی ہیں۔
محکمہ خارجہ کی رازداری سے متعلق ہدایات کے مطابق پورٹل کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحقیقات اور امیگریشن سے متعلق انتظامی جائزوں میں استعمال کی جاسکتی ہیں۔ ضرورت کے مطابق یہ معلومات امریکی وفاقی۔ ریاستی۔ مقامی اور دیگر متعلقہ اداروں کے علاوہ بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے شراکت داروں کے ساتھ بھی شیئر کی جاسکتی ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ امیگریشن سے متعلق نہ ہونے والے جرائم یا عام فوجداری معاملات کی اطلاع متعلقہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا دیگر سرکاری اداروں کو دی جانی چاہیے۔ عوامی سلامتی یا قومی سلامتی کو فوری خطرے کی صورت میں ہنگامی ذرائع سے اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔