نئی دہلی: ہندوستان میں امریکی سفارتخانے نے کثیر ملکی فضائی مشق ’ترنگ شکتی 2026‘ میں امریکی فضائیہ کے ایف 35 اے لائٹننگ ٹو اسٹیلتھ فائٹر جیٹ کی پہلی شرکت کو اہم قرار دیا ہے۔ یہ جدید جنگی طیارے کی ہندوستانی فضائی حدود میں پہلی آپریشنل شرکت ہے۔ امریکی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایف 35 اے طیارے ’ترنگ شکتی‘ میں ہندوستان کے اندر پہلی مرتبہ مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔ سفارتخانے نے ان طیاروں کی جدید صلاحیتوں اور ہندوستانی فضائیہ سمیت دیگر اتحادی فضائی افواج کے ساتھ مشترکہ تربیت کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔
امریکی سفارتخانے نے کہا، ’’اسٹیلتھ ٹیکنالوجی، جدید سینسرز اور معلومات کے تبادلے کی صلاحیتوں کو یکجا کرتے ہوئے ایف 35 طیارے ہندوستانی فضائیہ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تربیت کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں، جس سے مشترکہ تال میل اور آپریشنل تیاری کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘ یہ بیان راجستھان کے جودھپور ایئر فورس اسٹیشن پر جاری کثیر ملکی فضائی مشق ’ترنگ شکتی‘ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران سامنے آیا ہے۔ یہ مشق 26 ستمبر سے 12 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس کا بنیادی موضوع ’پارٹنرشپ میں طاقت‘ ہے اور اس میں شریک ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے، جنگی حکمت عملی کے تجربات کے تبادلے اور آپریشنل تال میل بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق اس مشق میں سات دوست ممالک، آسٹریلیا، امریکہ، متحدہ عرب امارات، فرانس، جرمنی، سری لنکا اور بنگلہ دیش، فعال طور پر حصہ لے رہے ہیں، جبکہ کئی دیگر ممالک مبصر کی حیثیت سے شامل ہیں۔ مشق میں شریک غیر ملکی فضائی افواج کے بیڑے میں ایف 35 لائٹننگ ٹو، رافیل، ایف 16، اے 400 ایم، ایم آر ٹی ٹی، سی 130، سی 130 جے اور کے سی 30 اے جیسے جدید جنگی اور معاون طیارے شامل ہیں۔ ان طیاروں کے ذریعے حملہ آور کارروائیوں، ٹیکٹیکل فضائی نقل و حمل اور فضائی ایندھن بھرنے سمیت مختلف صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق موجودہ مشق 2024 میں منعقد ہونے والی پہلی ’ترنگ شکتی‘ کی کامیابی کی بنیاد پر آگے بڑھائی جا رہی ہے۔ موجودہ مشق کے دوران شریک فضائی افواج کو جدید مشترکہ تربیت، اہم آپریشنل تجربات کے تبادلے اور پیچیدہ مشنوں میں ہندوستانی فضائیہ کے جدید طیاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ وزارت کے حکام کے مطابق مشق کا مقصد فضائی عملے، مشن پلانرز اور معاون عملے کے درمیان پیشہ ورانہ رابطے کو فروغ دینا ہے۔ اس دوران حفاظتی ضوابط، باہمی تجربات سے سیکھنے اور مختلف ممالک کے آپریشنل طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ 2026 کی مشق میں فضائی کارروائیوں کے علاوہ پیشہ ورانہ سیمینار، ہندوستان کے بڑھتے ہوئے ایرو اسپیس اور دفاعی شعبے سے واقفیت کے لیے صنعتی دورے، ’سیخون میراتھن‘، ثقافتی ورثے کے مقامات کے دورے اور یوگا سیشن بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد مختلف ممالک کے فوجی دستوں کے درمیان باہمی رابطے اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔