ٹرمپ کی صومالی برادری پر شدید تنقید، منیسوٹا پر قبضے کا الزام

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
ٹرمپ کی صومالی برادری پر شدید تنقید، منیسوٹا پر قبضے کا الزام
ٹرمپ کی صومالی برادری پر شدید تنقید، منیسوٹا پر قبضے کا الزام

 



واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز صومالی برادری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس برادری نے امریکی ریاست منیسوٹا پر مکمل طور پر قبضہ کرلیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ صومالی باشندے ریاست کے بیشتر معاملات پر قابض ہیں اور ان میں سے تقریباً 95 فیصد کسی نہ کسی قسم کی سرکاری مالی امداد حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا: ’’یہ حیران کن ہے کہ صومالی باشندے کبھی عظیم ریاست منیسوٹا پر مکمل طور پر قابض ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ان کا اس ریاست پر مکمل کنٹرول ہے اور تقریباً 95 فیصد کسی نہ کسی قسم کی فلاحی امداد حاصل کر رہے ہیں۔ امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں!‘‘ ٹرمپ کی حالیہ تنقید کا مرکز مشرقی افریقی ملک صومالیہ سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن اور ان کی امریکہ میں پیدا ہونے والی نسلیں ہیں۔ اس سے قبل مئی میں فلوریڈا کے علاقے دی ولیجز میں خطاب کرتے ہوئے بھی ٹرمپ نے صومالیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ صومالیہ ایک خوبصورت جگہ ہے، لیکن وہاں حکومت، فوج اور دیگر ریاستی اداروں کا فقدان ہے۔ ان کے بقول ملک میں جرائم کی شرح بہت زیادہ ہے اور وہاں پولیس کا مؤثر نظام بھی موجود نہیں۔

امریکی صدر نے جمعہ کے روز ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس الہان عمر کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’دھوکے باز‘ قرار دیا۔ مینیسوٹا کے پانچویں کانگریشنل ضلع کی نمائندگی کرنے والی الہان عمر پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’’الہان عمر صومالیہ سے یہاں آتی ہیں اور ہمیں بتاتی ہیں کہ امریکہ کو کیسے چلانا چاہیے۔ وہ کہتی ہیں کہ آئین مجھے کچھ حقوق دیتا ہے اور میں ان حقوق کا مطالبہ کرتی ہوں۔ یہاں سے چلی جاؤ۔ وہ کتنی بڑی دھوکے باز ہیں۔‘‘ ٹرمپ نے کانگریس کی رکن کے خلاف اپنی ذاتی تنقید جاری رکھتے ہوئے ان پر اپنے بھائی سے شادی کرنے کا الزام بھی دہرایا اور اس معاملے کو غیر قانونی قرار دیا۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے ہیں، لیکن یہ معاملہ غیر قانونی معلوم ہوتا ہے۔ ٹرمپ اور الہان عمر کے درمیان سیاسی محاذ آرائی نئی نہیں ہے۔ ستمبر 2025 میں بھی الہان عمر نے امریکی صدر کو ’جھوٹا مسخرہ‘ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی۔ یہ ردعمل ٹرمپ کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا تھا کہ انہوں نے صومالیہ کے صدر سے الہان عمر کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر بات کی ہے۔ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کی ناقد الہان عمر نے اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

دریں اثنا، جون میں فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے امریکہ آنے کی اجازت صرف ’’مناسب افراد‘‘ کو دی جائے۔ صومالی فٹبال ریفری عمر عبدالقدیر آرٹن نے کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے امریکہ میں داخلے کی اجازت نہ ملنا افسوسناک ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2025 کے افریقی ریفری آف دی ایئر قرار پانے والے آرٹن کو ہفتے کے روز امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) حکام نے امریکہ میں داخلے سے روک دیا۔ وہ فٹبال کے عالمی مقابلے میں امپائرنگ کرنے والے پہلے صومالی ریفری بننے والے تھے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق انہیں امریکہ میں داخلے کی اجازت اس شبہے کی بنیاد پر نہیں دی گئی کہ ان کے مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیموں کے مشتبہ ارکان سے روابط ہیں۔ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرٹن نے کہا: ’’جو کچھ ہوا، وہ ہوچکا ہے اور یہ افسوسناک تھا۔ میں فیفا کی جانب سے ملنے والی حمایت کا شکر گزار ہوں۔‘‘ انہوں نے اپنے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑے رہیں اور نوجوانوں کو مایوس نہ ہونے کا پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا: ’’صومالیہ ہمارا ملک ہے، حالات اچھے ہوں یا برے۔ میں اپنے نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ملک سے امید نہ کھوئیں۔ میں اس وقت اپنے ملک میں ہوں اور اس کے علاوہ کوئی دوسری جگہ نہیں جہاں میں رہنا چاہتا ہوں۔‘‘

پی بی ایس نیوز کے مطابق امریکی مردم شماری بیورو کے سالانہ امریکن کمیونٹی سروے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024 میں امریکہ میں صومالی نژاد افراد کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار تھی۔ ان میں سب سے بڑی برادری منیاپولس اور سینٹ پال کے شہری علاقے میں آباد ہے، جہاں تقریباً 84 ہزار صومالی نژاد افراد رہتے ہیں۔ ان میں اکثریت امریکی شہریوں کی ہے۔ اس کے علاوہ کیلیفورنیا، اوہائیو اور واشنگٹن میں بھی صومالی نژاد افراد کی قابلِ ذکر آبادی موجود ہے۔ پی بی ایس نیوز کے مطابق ریاست منیسوٹا میں صومالی آبادی کے تقریباً 58 فیصد افراد امریکہ میں پیدا ہوئے ہیں، جبکہ بیرونِ ملک پیدا ہونے والے افراد میں سے تقریباً 87 فیصد امریکی شہریت حاصل کر چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اس برادری کے تقریباً نصف افراد 2010 یا اس کے بعد امریکہ پہنچے تھے۔ صومالی برادری کے متعدد افراد نے صومالیہ میں طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی اور عدم استحکام کے باعث اپنا ملک چھوڑا تھا اور منیسوٹا میں دستیاب سماجی معاونت اور فلاحی سہولتوں کی وجہ سے وہاں سکونت اختیار کی تھی۔