ٹرمپ انتظامیہ کی ایچ-ون بی ویزا پروگرام پر نگرانی سخت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-09-2026
ٹرمپ انتظامیہ کی ایچ-ون بی ویزا پروگرام پر نگرانی سخت
ٹرمپ انتظامیہ کی ایچ-ون بی ویزا پروگرام پر نگرانی سخت

 



ٹرمپ انتظامیہ نے H-1B ویزا پروگرام پر نگرانی سخت کردی۔ امریکی ملازمین کی برطرفی کرنے والے ادارے نشانے پر

واشنگٹن ڈی سی: ٹرمپ انتظامیہ نے H-1B ویزا پروگرام کی نگرانی مزید سخت کرنے کے لیے امریکی محکمہ خارجہ۔ محکمہ محنت اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کو ہدایت دی ہے کہ ایسے اداروں کی درخواستوں کی سخت جانچ کی جائے جنہوں نے حال ہی میں اسی نوعیت کے امریکی ملازمین کو ملازمت سے نکالا ہے یا مستقبل میں برطرف کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انتظامیہ نے بعض H-1B ویزا درخواستوں کے لیے 100000 امریکی ڈالر کی فیس کی شرط بھی دوبارہ نافذ کردی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری فیکٹ شیٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر اور ایک صدارتی اعلامیہ جاری کیا۔ ان اقدامات کا مقصد H-1B پروگرام میں شفافیت اور ضابطوں کی پابندی کو مضبوط کرنا۔ مختلف وفاقی اداروں کے درمیان رابطہ بہتر بنانا اور انتظامیہ کے مطابق H-1B نظام کے غلط استعمال سے نمٹنا ہے۔

ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امریکی وزیر خارجہ۔ وزیر محنت اور وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ H-1B ویزا درخواستوں کا جائزہ لیتے وقت متعلقہ ادارے کی جانب سے حالیہ یا منصوبہ بند امریکی ملازمین کی برطرفیوں کو بھی مدنظر رکھا جائے۔

تینوں محکموں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزیر تجارت۔ وزیر تعلیم اور سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے منتظم سے مشاورت کریں تاکہ H-1B پروگرام کے انتظام کے لیے اضافی معلومات حاصل کی جاسکیں۔ ان معلومات میں اجرتوں۔ صنعتی حالات اور ملازمتوں میں خصوصی مہارت سے متعلق اعداد و شمار شامل ہیں۔الگ سے جاری کیے گئے صدارتی اعلامیے کے تحت بعض H-1B ویزا درخواستوں پر 100000 امریکی ڈالر کی فیس کی شرط کو دوبارہ نافذ کیا گیا ہے۔ یہ فیس پہلی مرتبہ 19 ستمبر 2025 کو عائد کی گئی تھی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایسے طریقوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جن سے امریکی ملازمین کی جگہ غیر ملکی کارکنوں کو تعینات کیا جاتا ہے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق 2025 کے پہلے اعلامیے کے بعد بڑی آئی ٹی آؤٹ سورسنگ کمپنیوں کی جانب سے H-1B رجسٹریشن میں نمایاں کمی آئی تھی۔ وائٹ ہاؤس کی فیکٹ شیٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 کے اعلامیے کے نافذ ہونے کے بعد بڑی آئی ٹی آؤٹ سورسنگ کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی H-1B رجسٹریشن میں 92 فیصد کمی ہوئی۔وائٹ ہاؤس نے قونصلر کارروائی اور H-1B کارکنوں کی ساخت میں ہونے والی تبدیلیوں کا بھی حوالہ دیا۔ اس کے مطابق 2025 کے اقدام کے بعد قونصلر پروسیسنگ کی درخواستوں میں تقریباً 97 فیصد کمی آئی اور کم اجرت والے غیر ملکی کارکنوں کے بجائے زیادہ مہارت اور زیادہ اجرت والے کارکنوں کی جانب رجحان بڑھا۔

انتظامیہ نے پروگرام میں مزید تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ H-1B ویزا درخواستوں کے جائزے میں مختلف وفاقی اداروں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

وائٹ ہاؤس نے یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ کم اجرت والے غیر ملکی کارکنوں کے استعمال سے ہنرمند امریکی ملازمین کی اجرتوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق سستی غیر ملکی لیبر کی دستیابی امریکی کارکنوں کی اجرتوں میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

فیکٹ شیٹ میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ بعض اداروں نے H-1B کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے انتہائی اہل اور ہنرمند امریکی ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا۔

انتظامیہ نے بعض H-1B اسپانسرز کے آؤٹ سورسنگ ماڈل کا بھی حوالہ دیا۔ اس کا کہنا ہے کہ H-1B کارکنوں کے ذریعے انجام دی جانے والی بعض ملازمتیں بعد میں امریکہ سے باہر منتقل ہوجاتی ہیں۔

امریکی کارکنوں کے زیادہ تحفظ کے حق میں اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس نے روزگار کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا۔ اس کے مطابق 2025 کے اعلامیے سے قبل کمپیوٹر سائنس کے حالیہ گریجویٹس میں بے روزگاری کی شرح 6.1 فیصد تھی جبکہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے حالیہ گریجویٹس میں یہ شرح 7.5 فیصد تھی۔ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ یہ شرحیں حیاتیات یا آرٹ ہسٹری کے حالیہ گریجویٹس کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ تھیں۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق امریکہ میں غیر ملکی STEM کارکنوں کی تعداد 2000 سے 2019 کے درمیان دگنی سے بھی زیادہ ہوگئی جبکہ اسی عرصے میں مجموعی STEM روزگار میں 44.5 فیصد اضافہ ہوا۔ وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ H-1B ویزا رکھنے والے آئی ٹی کارکنوں کا تناسب مالی سال 2003 میں 32 فیصد تھا جو 2025 کے اعلامیے سے قبل حالیہ برسوں میں 65 فیصد سے زیادہ ہوگیا تھا۔

انتظامیہ نے دسمبر 2025 میں نافذ کیے گئے اس ضابطے کا بھی حوالہ دیا جس کے تحت H-1B کے لیے پہلے استعمال ہونے والی قرعہ اندازی کا نظام ختم کرکے اجرت کی سطح پر مبنی وزنی نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق مالی سال 2027 میں پہلی مرتبہ H-1B امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے بجائے اجرت کی بنیاد پر کیا گیا جبکہ رجسٹریشن میں تقریباً 40 فیصد کمی ہوئی۔

وائٹ ہاؤس نے تازہ اقدامات کو ٹرمپ انتظامیہ کے وسیع تر امیگریشن اور معاشی ایجنڈے کا حصہ قرار دیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق برسوں کی ایسی پالیسیوں کے بعد جن میں امریکی کارکنوں کے مقابلے میں غیر ملکیوں کو ترجیح دی گئی صدر ٹرمپ نے امریکی کارکنوں کو اولین ترجیح دینے اور امیگریشن نظام کو درست کرنے کا وعدہ پورا کیا ہے۔

انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں ان کے دوبارہ صدر بننے کے بعد امریکی معیشت میں 1 ملین سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔ ان میں تقریباً 100000 فیکٹری تعمیراتی ملازمتیں اور جنوری 2026 سے 58000 مینوفیکچرنگ ملازمتیں شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ کے دور میں امریکی مینوفیکچرنگ شعبے میں مسلسل 8 ماہ تک توسیع ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے بائیڈن دور میں اس شعبے میں مسلسل کمی کا حوالہ دیتے ہوئے موجودہ صورتحال کو اس کے برعکس قرار دیا۔

انتظامیہ نے جولائی 2025 میں نافذ کیے گئے ٹیکس اور افرادی قوت سے متعلق اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ان اقدامات کے تحت اوور ٹائم اور ٹپس پر ٹیکس میں رعایت دی گئی۔ لاکھوں امریکی ملازمتوں اور 500 ارب ڈالر سے زیادہ کی اجرتوں کا تحفظ کیا گیا اور ہنرمند شعبوں میں داخل ہونے والے امریکیوں کے لیے Workforce Pell Grants قائم کیے گئے۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق 2025 میں حقیقی اجرتوں میں 822 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ حقیقی گھریلو آمدنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ وہ H-1B ویزا فراڈ کے معاملات کی تحقیقات کررہی ہے اور ان دیگر طریقوں کا جائزہ لے رہی ہے جن کے بارے میں انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ان کے ذریعے امریکی کارکنوں کے مقابلے میں ویزا رکھنے والے افراد کو غیر قانونی طور پر ترجیح دی جاتی ہے۔

تازہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وائٹ ہاؤس H-1B پروگرام کی نگرانی مزید سخت کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے تحت وفاقی اداروں کے درمیان رابطہ بڑھانے۔ ملازمین کی برطرفیوں کو ویزا درخواستوں کے جائزے میں زیادہ اہمیت دینے اور بعض ویزا درخواستوں پر زیادہ فیس برقرار رکھنے پر توجہ دی جارہی ہے۔