کویت میں غیرملکیوں کا داخلہ بند، سعودی عرب میں کرفیو پرغور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2021
کورونا کا سایہ
کورونا کا سایہ

 

کویت میں بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر پابندی مزید سخت کرتے ہوئے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔کویت میں آج سے کسی بھی غیرملکی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی البتہ سفارتی مشن،سفارتکاروں، طبی عملہ کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ پابندیوں کے حوالے سے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے ساتھ ویکسی نیشن مہم بھی جاری رہے گی۔

تین ماہ میں آٹھ لاکھ کویتیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ادھر ابوظہبی میں نئی کورونا پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ سینما ہالز بندتاحکم ثانی بند کر دیے گئے ہیں اور تمام تقریبات اور اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔شادی کی تقریب میں 10 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے جب کہ تدفین اور تعزیتی مراسم میں 20 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے کی ممانعت ہے۔

حکومتی اور نیم حکومتی اداروں میں ملازمین کی حاضری مزید کم کرکے 30 فیصد کر دی گئی ہے۔60 سال سے زائد عمر کے تمام ملازمین، موذی امراض میں مبتلاافراد اور کمزور قوت مدافعت والے افراد گھر سے کام کریں گے۔ ادھر سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ مملکت میں متعلقہ اتھارٹی کے ذریعے سخت اقدامات نافذ کیے جا سکتے ہیں جب تک عوام کرونا ایس او پیز کی پابندی کرتے رہیں گے تب تک کرفیو نہیں لگایا جائے گا۔ یہ فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔