روس اور یوکرین کے درمیان ایک ہزار سے زائد قیدیوں کے تبادلے کی توقع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2026
روس اور یوکرین کے درمیان ایک ہزار سے زائد قیدیوں کے تبادلے کی توقع
روس اور یوکرین کے درمیان ایک ہزار سے زائد قیدیوں کے تبادلے کی توقع

 



کیف: یوکرین کو امید ہے کہ روس کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کا اب تک کا سب سے بڑا تبادلہ ہونے جا رہا ہے، جس کے تحت دونوں جانب سے ایک ہزار سے زائد افراد کو رہا کیے جانے کا امکان ہے۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کو ممکن بنانے کے لیے یوکرینی ٹیمیں، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور خصوصی سروسز مسلسل کام کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں زیلنسکی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے مجوزہ قیدیوں کے تبادلے کو جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑا تبادلہ قرار دینے کے بیان کو یوکرین سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

زیلنسکی نے کہا، ’’ہم ایک بڑے پیمانے پر قیدیوں کے تبادلے کی امید کر رہے ہیں اور اپنے امریکی شراکت داروں کی اس بات کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں کہ یہ جنگ کا سب سے بڑا تبادلہ ہونا چاہیے۔ دونوں جانب سے ایک ہزار سے زائد افراد کی رہائی متوقع ہے۔ یہ بہت سے یوکرینی خاندانوں کے لیے انتہائی حساس معاملہ ہے۔ اس وقت ہماری ٹیمیں، خصوصی سروسز، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور کوآرڈینیشن ہیڈکوارٹر اس تبادلے کو ممکن بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مجھے جلد ہی تیاریوں کی تفصیلات پر رپورٹ ملنے کی توقع ہے۔‘‘ یوکرینی صدر نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ حالیہ سفارتی ملاقاتوں کے نتائج کا بھی ذکر کیا اور ڈنمارک کی جانب سے 64 کروڑ 50 لاکھ یورو کے دفاعی امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔

ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں زیلنسکی نے کہا کہ اس پیکیج میں ایف 16 لڑاکا طیاروں کے لیے اضافی گولہ بارود اور یوکرین کے لیے توانائی سے متعلق امداد شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا، ’’سب سے بڑا امدادی پیکیج ڈنمارک کی جانب سے ہے، جس کی مالیت 645 ملین یورو ہے۔ یہ خصوصی طور پر دفاعی پیکیج ہوگا، جس میں ایف 16 طیاروں کے لیے مزید گولہ بارود شامل ہوگا، جو روسی جیٹ انجن والے شاہد ڈرونز کو مار گرانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔‘‘

زیلنسکی نے مزید بتایا کہ یورپی شراکت داروں کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں خیرسون، دنیپرو، خارکیف، اوڈیسا، سومی اور کیف سمیت دیگر شہروں کے لیے مخصوص امداد پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جو جاری جنگ کے باعث مختلف مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ فرانس، اٹلی، برطانیہ اور پولینڈ کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں یوکرین کے لیے بین الاقوامی حمایت مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔ سفارتی محاذ پر زیلنسکی نے تصدیق کی کہ 13 نومبر کو آئرلینڈ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ ملاقات کے دوران آئندہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے امریکی نمائندوں کے ساتھ اپنے اگلے اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ ایسے مشترکہ اقدامات ہوں جن کے ذریعے امریکہ کے ساتھ مل کر امن اور سلامتی کی ضمانت حاصل کی جا سکے۔‘‘

یہ ملاقات امریکی نمائندوں کی ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد ہوئی۔ اس ملاقات میں جنگ کے خاتمے کی کوششوں اور انسانی ہمدردی کے معاملات، بشمول قیدیوں کے تبادلے کی تیاریوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔ زیلنسکی نے اسٹار شیلڈ (Starshield) سروسز کی رفتار پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش ظاہر کی، جو محاذِ جنگ اور یوکرین کے عارضی طور پر روسی قبضے میں موجود علاقوں میں نافذ کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق ان پابندیوں سے روسی ڈرونز کو روکنے کی یوکرین کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ امریکی اداروں کے ساتھ بات چیت کرکے سروس کی رفتار بحال کرنے کی اپیل کی اور زور دیا کہ عارضی طور پر روسی قبضے میں موجود علاقے بھی یوکرین کی خودمختار سرزمین ہیں۔