یوکوسوکا: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز اپنے جاپانی ہم منصب شن جیرو کوئزومی کے ساتھ جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (جے ایم ایس ڈی ایف) کے یوکوسوکا بحری اڈے کا دورہ کیا اور موگامی کلاس کے کثیر المقاصد جنگی جہاز ’جے ایس ناٹوری‘ کا معائنہ کیا۔ راجناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’آج جاپان کے وزیر دفاع شن جیرو کوئزومی کے ساتھ یوکوسوکا میں جے ایم ایس ڈی ایف کے بحری اڈے کا دورہ کیا اور موگامی کلاس کے کثیر المقاصد جنگی جہاز جے ایس ناٹوری کا معائنہ کیا۔‘‘ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے بحری تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ تعاون آزاد، کھلے اور قواعد پر مبنی ہند۔بحرالکاہل خطے کو یقینی بنانے کے لیے ہندوستان اور جاپان کے گہرے اعتماد اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل بحری اڈے کی جانب روانگی کے دوران راجناتھ سنگھ نے ایک اور پوسٹ میں کہا تھا، ’’یوکوسوکا میں جے ایم ایس ڈی ایف کے بحری اڈے کی جانب روانہ ہیں۔ میرے جاپانی ہم منصب بہترین میزبان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘‘ اس سے قبل بدھ کے روز ٹوکیو میں وزارت دفاع پہنچنے پر جاپان کے وزیر دفاع شن جیرو کوئزومی نے راجناتھ سنگھ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر بدھ کے روز چوتھے ہندوستان۔جاپان وزرائے خارجہ و دفاع کے مشترکہ مذاکرات (2+2) میں شرکت کے لیے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچے تھے۔ ٹوکیو پہنچنے پر جاپان میں ہندوستان کی سفیر نغمہ ملک نے راجناتھ سنگھ کا استقبال کیا۔ انہوں نے نائب سربراہ مشن مدھو سودن کے ہمراہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا بھی خیرمقدم کیا۔
ٹوکیو میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر چوتھے ہندوستان۔جاپان 2+2 مذاکرات اور 19ویں ہندوستان۔جاپان وزرائے خارجہ کی اسٹریٹجک بات چیت میں شرکت کے لیے ٹوکیو پہنچ گئے ہیں۔ راجناتھ سنگھ جاپانی وزیر دفاع شن جیرو کوئزومی کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے، جبکہ وہ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہندوستان کی جانب سے 2+2 وزارتی مذاکرات کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ جاپان کی جانب سے وزیر دفاع کوئزومی اور وزیر خارجہ توشیمتسو موٹیگی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
وزارت دفاع کے مطابق ان مذاکرات کے دوران دونوں ممالک اپنے دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور آزاد، کھلے، جامع اور قواعد پر مبنی ہند۔بحرالکاہل خطے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کریں گے۔ راجناتھ سنگھ اور شن جیرو کوئزومی کے درمیان یہ 2026 میں تیسری ملاقات ہوگی۔ اس سے قبل اگست میں نئی دہلی اور اکتوبر میں فلپائن کے شہر سیبو میں آسیان وزرائے دفاع کے اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔ حالیہ پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے دونوں وزرائے دفاع دفاعی ٹیکنالوجی اور سازوسامان میں تعاون بڑھانے، بحری سلامتی مضبوط بنانے، تینوں افواج کی مشترکہ مشقوں کے دائرہ کار اور معیار میں اضافہ کرنے اور دفاعی صنعت کے شعبے میں قریبی روابط استوار کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور آپریشنل و صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز دورے پر روانگی سے قبل راجناتھ سنگھ نے ہندوستان اور جاپان کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کی امید ظاہر کی تھی۔