ممبئی: برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین بدھ کے روز ممبئی کے علاقے لوئر پریل میں واقع چانکیہ اسکول آف کرافٹ پہنچے، جہاں انہوں نے پائیدار ٹیکسٹائل اور روایتی دستکاری کے فروغ سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ شاہی جوڑے کا یہ دورہ ارتھ شاٹ پرائز 2026 کے سلسلے میں بھارت کے دورے کا حصہ تھا۔ شاہی جوڑے نے بھارت کے دورے کے آخری روز معروف چانکیہ اسکول آف کرافٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ روایتی دستکاری کی تکنیکوں کو محفوظ رکھ کر ٹیکسٹائل کی پائیدار پیداوار کو کس طرح فروغ دیا جا سکتا ہے۔
کینسنگٹن پیلس کے سرکاری فلکر اکاؤنٹ پر اس دورے کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔ اس دورے کے ذریعے بھارت کے روایتی ٹیکسٹائل اور دستکاری کے مالامال ورثے کو عالمی توجہ حاصل ہوئی، جبکہ پائیدار ٹیکسٹائل اس پروگرام کا مرکزی موضوع رہا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے 17 نومبر کو ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں بھی شرکت کی، جس میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے عالمی ماہرین، اہم شخصیات اور تفریح، کھیل اور موسیقی کی دنیا سے وابستہ معروف افراد نے شرکت کی۔ شہزادہ اور شہزادی کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹس کے علاوہ ارتھ شاٹ پرائز کے اکاؤنٹ پر بھی ممبئی میں منعقدہ ایوارڈز تقریب کے میزبانوں اور فنکاروں کا شکریہ ادا کیا گیا۔
مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں کہا گیا، ’’ان تمام شاندار میزبانوں اور فنکاروں کا بے حد شکریہ، جنہوں نے ارتھ شاٹ پرائز کی ایوارڈز تقریب کی شام کو ممبئی میں یادگار بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔‘‘ ممبئی کا یہ دورہ شہزادی کیتھرین کا 2022 کے بعد شہزادہ ولیم کے ساتھ پہلا مشترکہ بیرون ملک دورہ بھی ہے۔ واضح رہے کہ شہزادہ ولیم نے 2020 میں ارتھ شاٹ پرائز کی بنیاد رکھی تھی، جس کا مقصد دنیا کو درپیش بڑے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے نئے خیالات اور عملی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ شاہی جوڑے کی ممبئی میں سرگرمیوں کا آغاز پیر کے روز ہوا تھا۔
ان کے پروگرام میں کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کے ساتھ بالارڈ اسٹیٹ میں گلی کرکٹ کھیلنا، ممبئی میٹرو میں سفر کرنا اور ارتھ شاٹ پرائز امپیکٹ اسمبلی میں شرکت شامل تھی۔ منگل کے روز شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے ممبئی کے باندرہ ریکلیمیشن گارڈن کا دورہ کیا، جہاں شہزادے نے مہندرا لاسٹ مائل موبیلٹی کی تیار کردہ الیکٹرک تھری وہیلر خود چلائی اور اس میں شہزادی کیتھرین کو سیر کرائی۔
اس موقع پر انہوں نے دنیا بھر سے آئے ارتھ شاٹ پرائز 2026 کے 15 فائنلسٹس سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ ارتھ شاٹ پرائز 2026 کی تقریبات منگل کی شام ممبئی میں منعقد ہوئیں، جہاں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بھارت کی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ مہندرا لاسٹ مائل موبیلٹی لمیٹڈ (MLMML) نے ’کلین آور ایئر‘ (فضا کو صاف بنائیں) کے زمرے میں ارتھ شاٹ پرائز 2026 جیت لیا۔ ممبئی میں منعقدہ ایوارڈز کی چھٹی سالانہ تقریب میں کمپنی کا شمار پانچ فاتحین میں ہوا۔