وزیر اعظم مودی تین روزہ دورے پر منیلا پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2026
وزیر اعظم مودی تین روزہ دورے پر منیلا پہنچ گئے، پرتپاک استقبال
وزیر اعظم مودی تین روزہ دورے پر منیلا پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

 



منیلا: وزیر اعظم نریندر مودی پیر کے روز فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچ گئے، جہاں منیلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم اپنے تین روزہ دورے کے دوران 23ویں آسیان-بھارت سربراہی اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم 17 نومبر کو دونوں علاقائی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور فلپائن کے صدر فرڈینینڈ آر مارکوس جونیئر کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ فلپائن میں مقیم بھارتی برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم کی آمد سے قبل فلپائن میں مقیم بھارتی برادری کے افراد نے ان کے دورے پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا اور اسے جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں رہنے والے بھارتیوں کے لیے ایک خاص موقع قرار دیا۔ انڈیا بزنس فورم کے صدر دلیپ تیواری نے کہا کہ بھارتی برادری وزیر اعظم کے دورے کو لے کر خاصی پرجوش ہے۔ 2017 کے بعد یہ ان کا فلپائن کا دوسرا دورہ ہے۔ انہوں نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پوری بھارتی برادری میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ 10 سے 12 سال پہلے کے مقابلے میں آج بھارتیوں کے تئیں احترام میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جس پر انہیں فخر ہے۔

شانتھی آیورویدا فلپائن کی بانی اور چیئرپرسن شونا رائے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دورے سے بھارتی اور فلپائنی دونوں برادریوں میں خوشی کی لہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی آمد ہم سب کے لیے باعث مسرت ہے۔ وہ ایک بڑے عالمی رہنما ہیں اور ان کے دورے سے فلپائن کو بھی بہت فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ بھارتی برادری کے دیگر ارکان، جن میں سندھو کرشنن، پورنیما رام کرشنن، کھیا تی اور پرکاش شرما شامل ہیں، نے بھی وزیر اعظم کے استقبال کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ پنجابی برادری کے افراد نے بھی ان کا پرتپاک استقبال کرنے کا اعلان کیا۔

اپنے دورے سے قبل جاری بیان میں وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ آسیان بھارت کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کا مرکزی ستون ہے اور بھارت کے مہاساگر وژن میں بھی اسے اہم مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سربراہی اجلاسوں کے ذریعے علاقائی تعاون، رابطوں کے فروغ، بحری سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع حاصل ہوں گے۔ فلپائن 49ویں آسیان سربراہی اجلاس اور اس سے متعلق دیگر اجلاسوں کی میزبانی کر رہا ہے، جن کا موضوع ’’مستقبل کی سمت کا تعین‘‘ (Navigating the Future) ہے۔ ان اجلاسوں میں علاقائی سلامتی، بحری تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے امور خاص طور پر زیر بحث آنے کی توقع ہے۔