مسی سپی میں طیارہ حادثہ، 6 افراد کی لاشیں مل گئیں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
مسی سپی میں طیارہ حادثہ، 6 افراد کی لاشیں مل گئیں
مسی سپی میں طیارہ حادثہ، 6 افراد کی لاشیں مل گئیں

 



مسی سپی: امریکی کوسٹ گارڈ نے بدھ کے روز بتایا کہ مسی سپی کے ہارن آئی لینڈ سے تقریباً 2 میل شمال مشرق میں حادثے کا شکار ہونے والے سیسنا 210 طیارے میں سوار تمام 6 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تلاش اور بچاؤ کی کارروائی ختم کردی گئی۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق مسی سپی محکمہ بحری وسائل (ایم ڈی ایم آر) کے غوطہ خوروں نے تباہ شدہ طیارے کے ملبے میں موجود تمام 6 افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ کوسٹ گارڈ سیکٹر موبائل کے اہلکاروں کو منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3:45 بجے موبائل کے ایئر ٹریفک کنٹرول ریجنل ٹاور سے اطلاع ملی کہ 6 افراد کو لے کر جا رہے سیسنا 210 طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

اطلاع ملنے کے بعد سیکٹر موبائل نے کوسٹ گارڈ کے فضائی اور سمندری وسائل کو تعینات کیا اور وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر تلاش کی کارروائی شروع کردی۔ کوسٹ گارڈ سیکٹر موبائل کے سرچ اینڈ ریسکیو مشن کوآرڈینیٹر کمانڈر ٹریور بلونٹ نے کہا، ’’یہ انتہائی دل توڑ دینے والا واقعہ ہے اور ہماری گہری ہمدردیاں ان خاندانوں اور عزیزوں کے ساتھ ہیں جو ناقابل تصور نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اگرچہ یہ وہ نتیجہ نہیں تھا جس کی ہم میں سے کسی نے امید کی تھی، لیکن ہم مختلف اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کے شکر گزار ہیں، جس کی مدد سے طیارے میں سوار افراد کو فوری طور پر تلاش کیا جا سکا اور ان کے خاندانوں کو صورتحال سے آگاہ کیا جا سکا۔‘‘

ایم ڈی ایم آر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جو اسپراگنز نے بھی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے میرین پٹرول افسران اور غوطہ خور ٹیم وفاقی اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر انتہائی احتیاط، پیشہ ورانہ انداز اور احترام کے ساتھ لاشوں کی تلاش اور برآمدگی کا کام انجام دے رہے تھے۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق اس کے اہلکاروں اور دیگر اداروں نے تقریباً 4 گھنٹے تک مشترکہ طور پر تلاش کی کارروائی کی۔

اس آپریشن میں کوسٹ گارڈ سیکٹر موبائل، اسٹیشن پاسکاگولا، ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر موبائل اور کوسٹ گارڈ کٹر کوبیا کے اہلکاروں کے علاوہ ایم ڈی ایم آر، ہیریسن کاؤنٹی کے غوطہ خور، پاسکاگولا پولیس محکمہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) اور امریکی فضائیہ کے سی-130 طیارے کے عملے نے حصہ لیا۔

اس سے قبل کوسٹ گارڈ نے بتایا تھا کہ ہارن آئی لینڈ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والے سیسنا سینچورین 210 طیارے میں سوار 6 افراد، جن میں 2 بچے بھی شامل تھے، لاپتا ہیں۔ فاکس نیوز ڈیجیٹل کی جانب سے دی گئی رپورٹس کے مطابق طیارہ نیو اورلینز لیک فرنٹ ایئرپورٹ سے فورٹ مائرز، فلوریڈا کے پیج فیلڈ جا رہا تھا، جب منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3:45 بجے ریڈار سے غائب ہوگیا۔ ابتدائی تلاش کے دوران امدادی ٹیموں کو طیارے کے کئی ٹکڑے ملے تھے، جن میں طیارے کا کیبن، ایک لائف رافٹ اور 3 لائف جیکٹس شامل تھیں، تاہم اس وقت طیارے میں سوار افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔