نئی دہلی: روحانی پیشوا اور بوچاسن واسی اکشر پرشوتم سوامی نارائن سنستھا (بی اے پی ایس) کے سابق سربراہ پرمکھ سوامی مہاراج کی زندگی اور خدمات پر مبنی 13 جلدوں کی سوانح عمری نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اسے ایک مصنف کی سب سے طویل سوانح عمری کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کا سرٹیفکیٹ اتوار کو لندن کے او وی او ایرینا ویمبلی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بی اے پی ایس کے روحانی پیشوا مہنت سوامی مہاراج کو پیش کیا گیا۔ بی اے پی ایس نے ایکس پر جاری پوسٹ میں بتایا کہ پرمکھ سوامی مہاراج کی زندگی پر مشتمل اس 13 جلدوں کی سوانح عمری میں مجموعی طور پر 21 لاکھ 46 ہزار 447 الفاظ ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اسے ایک مصنف کی سب سے طویل سوانح عمری کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے
یہ سرٹیفکیٹ 4 اکتوبر کو مہنت سوامی مہاراج کو پیش کیا گیا۔ 13 جلدوں پر مشتمل یہ سوانح عمری پرمکھ سوامی مہاراج کی زندگی اور ان کی خدمات کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ کرتی ہے۔ بی اے پی ایس سوامی نارائن سنستھا کے مطابق، پرمکھ سوامی مہاراج نے برہمچاری کی حیثیت سے ایک سادہ زندگی گزاری اور شہرت و اعزاز سے ہمیشہ بے نیاز رہے۔ ان کی عظمت کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ وہ عام لوگوں سے آسانی سے جڑ جاتے تھے۔ وہ لوگوں کی روزمرہ زندگی کے مسائل کو سمجھتے اور ان کے دکھ درد کو محسوس کرتے تھے۔
پرمکھ سوامی مہاراج نے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی بات توجہ سے سنی اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔ انہوں نے لوگوں کو ذاتی مشکلات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ دیا۔ بی اے پی ایس سوامی نارائن سنستھا کے مطابق، وہ معمولی نوعیت کے معاملات میں بھی لوگوں کو تسلی اور مشورہ دیتے تھے، مثلاً کھیت میں کنویں کی جگہ کہاں ہونی چاہیے یا کارخانہ کہاں قائم کیا جائے، اور زندگی کے اہم روحانی معاملات میں بھی رہنمائی کرتے تھے، جیسے موکش یعنی نجات کیسے حاصل کی جائے۔