پاکستان: پولیس چیک پوسٹ پر دھماکا، 11 ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-09-2026
پاکستان: پولیس چیک پوسٹ پر دھماکا، 11 ہلاک
پاکستان: پولیس چیک پوسٹ پر دھماکا، 11 ہلاک

 



پشاور: پاکستان میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے درمیان ڈیرہ اسماعیل خان کے درازندہ کے قریب امان میلہ میں ایک پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بناکر کیے گئے زوردار بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ پاکستانی اخبار ’ڈان‘ کے مطابق دھماکا امان میلہ چیک پوسٹ پر ہوا۔ یہ واقعہ مغل کوٹ اور درازندہ کے قریب ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر واقع چیک پوسٹ پر پیش آیا۔ یہ علاقہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرحد کے قریب واقع ہے اور اسے حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔

ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں آٹھ مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ امدادی کارکن ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا پتہ لگانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر موقع پر بھیجا گیا۔ ’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکاروں اور کسٹم حکام کے علاوہ دو عام شہری بھی شامل ہیں۔

ایمرجنسی حکام نے بتایا کہ 20 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی، جن میں سے 18 کو مزید علاج کے لیے درازندہ کے طبی مراکز اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مفتی محمود اسپتال منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کے ضلعی ایمرجنسی افسر محمد عارف خان نے ڈی آئی خان سے طبی عملے کے ساتھ مزید چار ایمبولینسیں فوری طور پر روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ ’ڈان‘ کے مطابق مذکورہ سکیورٹی چیک پوسٹ کو قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈی آئی خان-کوئٹہ کے حساس راستے پر نگرانی اور گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔