افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں میں 9 افراد ہلاک۔ 11 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2026
افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں میں 9 افراد ہلاک۔ 11 زخمی
افغانستان میں پاکستانی فضائی حملوں میں 9 افراد ہلاک۔ 11 زخمی

 



کابل۔افغان حکومت کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغانستان میں کیے گئے حالیہ فضائی حملوں میں 9 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے درمیان کیے گئے۔افغان حکومت کے چیف ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ فضائی حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں کنڑ اور ہلمند صوبوں میں واقع 3 مکانات تباہ ہو گئے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے شہری ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم 9 افراد مارے گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔انہوں نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اس کارروائی کو جارحیت اور جرم قرار دیتا ہے جو تمام تسلیم شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔یہ حملے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کیے گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعات پہلے سے موجود ہیں اور رواں سال کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ افغانستان کا الزام ہے کہ پاکستان نے اس کی خودمختار سرزمین پر متعدد بار فضائی حملے کیے ہیں۔

اقوام متحدہ کے افغانستان مشن نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ رواں سال اب تک سرحد پار تشدد کے نتیجے میں 1100 سے زیادہ شہری ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستان عام طور پر شہری ہلاکتوں کی تردید کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کے حملوں کا ہدف عسکریت پسند ہوتے ہیں۔ دوسری جانب کابل پاکستان کے ان الزامات کو مسترد کرتا ہے کہ افغانستان عسکریت پسند گروپوں کو پناہ دے رہا ہے۔پاکستانی حکومت مسلسل الزام عائد کرتی رہی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان سمیت مختلف گروپ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم ہیں۔ کابل ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی داخلی سلامتی کی ناکامیوں کا الزام افغانستان پر عائد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔