نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اشوتوش دیکشت نے پیر کے روز کہا ہے کہ بھارت چین کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کو روکنے کے لیے اس کے پاس مکمل منصوبہ بندی موجود ہے۔ نئی دہلی میں اے این آئی نیشنل سیکیورٹی سمٹ 3.0 کے تحت ’’بھارتی مسلح افواج کی تیاری اور مستقبل کی جنگیں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل دیکشت نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج میں جدید ٹیکنالوجی شامل کی جا رہی ہے اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ چین سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مخالفین کی ہر سرگرمی پر کڑی نظر رکھتا ہے۔
امن کے زمانے میں بھی یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مخالف ممالک کی نقل و حرکت کی نگرانی کریں اور اس کے مطابق اپنی حکمت عملی اور دفاعی صلاحیتوں کو ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طیارے یا فوجی صلاحیت کی مؤثریت کا انحصار کئی عوامل پر ہوتا ہے، جن میں عملے کی تربیت، نیٹ ورک سینٹرک وارفیئر اور پرواز کی بلندی شامل ہیں۔ ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت نے اپنے منصوبے تیار کر رکھے ہیں اور نئی ٹیکنالوجی بھی فوج میں شامل کی جا رہی ہے۔
ایئر چیف مارشل دیکشت نے مزید کہا کہ بھارت ایسی پوزیشن میں ہے جہاں وہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ صورتحال کو ’’نہ جنگ، نہ امن‘‘ کی کیفیت کہا جا سکتا ہے، جہاں سے حالات کے مطابق دفاعی یا جارحانہ حکمت عملی اختیار کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کا مسلسل مؤقف رہا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنا بھارت اور چین کے تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ضروری ہے۔ گزشتہ ماہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی خبردار کیا تھا کہ سرحد پر کسی بھی قسم کی کشیدگی کے نتائج برآمد ہوں گے۔
دہلی میں بلومبرگ نیو اکانومی فورم کے ایڈیٹر ان چیف جان مکلیٹ ویٹ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا تھا کہ بھارت اور چین کے درمیان سرحد کا باقاعدہ تعین نہیں ہوا اور یہ مسئلہ کئی دہائیوں سے چلا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1975 سے 2020 تک تقریباً 45 برس کے دوران سرحد پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آخری مرتبہ 1975 میں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ اس عرصے میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری بھی آئی تھی۔