جے شنکر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
جے شنکر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
جے شنکر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

 



نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے منگل کو نئی دہلی میں ہندوستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر عبداللہ سیف النعیمی سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے لکھا، ’’آج متحدہ عرب امارات کے سفیر عزت مآب عبداللہ سیف النعیمی کا استقبال کرکے خوشی ہوئی۔ ہم نے اپنے دوطرفہ تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ یہ ملاقات نئی دہلی اور ابوظہبی کے درمیان مسلسل سفارتی رابطوں کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے۔ دونوں ملک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔

اس سے قبل 7 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے سفیر عبداللہ سیف النعیمی نے ہندوستان میں اپنی پہلی دیوالی منائی تھی۔ اس موقع پر نئی دہلی میں واقع متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سفارت خانے کے عملے اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ سفیر نے اس تقریب کی 49 سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی ایکس پر شیئر کی تھی۔ ویڈیو میں سفارت خانے کو روشن قمقموں، پھولوں سے بنی بڑی رنگولی اور روایتی دیوں سے سجا ہوا دکھایا گیا تھا۔ اس موقع پر سفارت خانے کے عملے کے ارکان کو مل کر دیے جلاتے اور ’’ہیپی دیوالی‘‘ کے پیغام کے سامنے گروپ فوٹو بنواتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے النعیمی نے لکھا، ’’ہندوستان میں میری پہلی دیوالی کو متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے عملے کے ارکان کے ساتھ اس خوبصورت اور پُرتپاک تقریب نے مزید یادگار بنادیا۔ اس خاص موقع کی خوشیوں، تہوار کے جوش اور خوبصورت روایات میں شریک ہونا ایک بہترین تجربہ تھا۔ سب کو دیوالی کی بہت بہت مبارکباد۔‘‘ اس تقریب سے ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے سفیر ہندوستان کی تہذیبی اور ثقافتی روایات میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ عوامی سطح پر اس طرح کے میل جول کو دونوں ملکوں کے تعلقات کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے، جس کے تحت اقتصادی، سفارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون جاری ہے۔