جے شنکر نے سورینام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-11-2026
جے شنکر نے سورینام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی
جے شنکر نے سورینام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی

 



نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کے روز سورینام کے یومِ آزادی کے موقع پر وہاں کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے ہندوستان کے عزم کا اظہار کیا۔ جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سورینام کے وزیر خارجہ میلون بووا اور وہاں کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر خارجہ میلون بووا، سورینام کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد۔ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آگے بڑھنے کے منتظر ہیں۔‘‘

ہندوستان اور سورینام کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں، ترقیاتی شراکت داری اور بنیادی ڈھانچے، زراعت اور صلاحیت سازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے سفارتی اور اقتصادی تعلقات مسلسل مضبوط ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 6 ستمبر کو سورینام میں ہندوستان کے سفیر سبھاش گپتا نے سورینام کے وزیر خارجہ الویس بپٹسٹ سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ سورینام میں ہندوستانی سفارتخانے کے مطابق یہ ملاقات 4 ستمبر کو گپتا کی الوداعی ملاقات کے موقع پر ہوئی تھی۔ اس میں سینئر وزیر اسٹیفنسن کنگ اور کیتھسن ہرمن چارلس بھی شریک تھے۔

ایک اور اہم پیش رفت کے تحت ہندوستان نے حال ہی میں سورینام کے دارالحکومت پاراماریبو میں پیدل چلنے والوں کی حفاظت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے ایک فوری اثر والے منصوبے (کیو آئی پی) کو سورینام کے حوالے کیا۔ اس منصوبے کا افتتاح سورینام کے وزیر برائے عوامی تعمیرات و مقامی منصوبہ بندی اسٹیفن تسانگ اور ہندوستانی سفیر سبھاش گپتا نے مشترکہ طور پر یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے کیا۔ ہندوستانی سفارتخانے نے اسے ہندوستان اور سورینام کے تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کے سال میں دوطرفہ تعاون کا ایک عملی نتیجہ قرار دیا۔

ترقیاتی تعاون کا یہ سلسلہ جے شنکر کے مئی میں سورینام کے دورے سے بھی جڑا ہے، جب انہوں نے پاراماریبو میں ہندوستانی مالی مدد سے قائم کیے گئے پھلوں کی پروسیسنگ مرکز کا افتتاح کیا تھا۔ پھلوں کی پروسیسنگ کی مشینری کے لیے ہندوستان کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں سے متعلق پہل کے تحت 1 ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ دی گئی تھی۔ جے شنکر نے اس گرانٹ کا اعلان 2025 میں کیا تھا۔ افتتاح کے موقع پر جے شنکر نے سورینام کی ترقی کی خواہشات کی حمایت اور عالمی جنوب کے ممالک کے ساتھ شراکت داری مضبوط کرنے کے ہندوستان کے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے کہا، ’’یہ منصوبہ سورینام اور عالمی جنوب کے لیے ہندوستان کے ایک شراکت دار ہونے کے بڑے پیغام کو بھی اجاگر کرتا ہے۔‘‘ ’وسودھیو کٹمبکم‘ یعنی ’’پوری دنیا ایک خاندان ہے‘‘ کے ہندوستانی فلسفے کا ذکر کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ اس اصول سے ہندوستان کی وابستگی عملی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’آنے والے وقت میں جب سورینام ترقی اور خوشحالی کی اپنی کوششوں میں آگے بڑھے گا تو ہندوستان ہمیشہ ایک قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔‘‘ افتتاح کے موقع پر سورینام کے وزیر خارجہ میلون بووا اور وزیر زراعت نائکی نورسالم بھی موجود تھے۔