تل ابیب: اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس حکام نے وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر ممکنہ فوجی حملہ ایک وسیع علاقائی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، جس میں لبنان، شام اور غزہ سمیت متعدد محاذ کھلنے کا خدشہ ہے۔ حکام نے اس توقع کو بھی مسترد کیا ہے کہ یہ تنازع چند روز میں ختم ہوسکتا ہے۔ ’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ نے چینل 12 کی اتوار کو نشر ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ یہ جائزہ نیتن یاہو اور اعلیٰ دفاعی حکام کے ساتھ ایک خفیہ اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اسرائیلی حکام گزشتہ کئی ہفتوں سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں پر تفصیلی غور و خوض کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس کا اندازہ ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں متعدد محاذ کھل سکتے ہیں۔ یہ جائزہ نیتن یاہو اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے مبینہ اس خیال سے مختلف ہے کہ جنگ کو تین سے پانچ روز کے اندر محدود رکھا جاسکتا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نیتن یاہو ایران کے خلاف نئے اور فیصلہ کن حملوں کے لیے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔ اسرائیلی چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے جمعہ کے روز سینئر وزرا اور سکیورٹی حکام کے ساتھ اجلاس میں کہا کہ ’’ایران کے خلاف فوجی آپریشن ناگزیر ہے۔‘
‘ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی روز تک جاری رہنے والی فوجی کارروائی کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق چینل 13 نے اسرائیلی فوج کے ایک نام ظاہر نہ کرنے والے اعلیٰ افسر کا بیان بھی نشر کیا، جس میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے پاس مشترکہ اور منظور شدہ منصوبے موجود ہیں اور اب اصل سوال صرف کارروائی کے وقت کا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک اس وقت صدر ٹرمپ کے حتمی فیصلے کے منتظر ہیں۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے حوالے سے آئندہ قدم کا فیصلہ نئے سال کے آغاز تک مؤخر رکھیں گے۔
جمعرات کو نیوز ویب سائٹ ’ایکسیوس‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ وہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے بارے میں جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے اور آنے والے ہفتوں میں مختلف امکانات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ چین میں ایپیک سربراہی اجلاس کے بعد امریکہ واپسی کے دوران ایئر فورس ون میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: ’’میں ایران کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہیں کر رہا۔ ہم دیکھیں گے کہ نئے سال کے آغاز کے بعد کیا ہوتا ہے۔‘‘
اگرچہ امریکی صدر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ایک اور بڑی فوجی کارروائی کا امکان ’’کافی کم‘‘ ہے، تاہم واشنگٹن نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر دوبارہ حملے کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا۔ ایکسیوس کے مطابق امریکی حکام جن فوجی امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں، ان میں ایران کے مشتبہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے، جن میں پِک ایکس ماؤنٹین کی تنصیب بھی زیرِ غور ہے۔ ممکنہ اہداف کی فہرست میں پل، بجلی گھر اور ایران کی اعلیٰ فوجی و سول قیادت سے وابستہ شخصیات بھی شامل ہوسکتی ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے پینٹاگون اور انٹیلی جنس اداروں سے مختلف ممکنہ حملوں کی صورت میں تہران کے ردعمل کا جائزہ لینے کو کہا ہے۔
امریکی حکام کی ایک بڑی تشویش یہ ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائی کے جواب میں ایران خلیجی ممالک میں تیل اور گیس کی تنصیبات پر شدید جوابی حملے کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں پورے خطے کی سلامتی اور توانائی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔ ایران کے خلاف کارروائی کے لیے سفارتی کوششیں تیز فوجی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ایران کے خلاف دوبارہ حملوں کے لیے سفارتی رابطوں میں بھی تیزی آئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے موساد کے سربراہ رومن گوفمین کو واشنگٹن اور میامی بھیجا، جہاں انہوں نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے ملاقاتیں کیں۔
’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ نے چینل 12 کی ایک الگ رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ امریکی حکام ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے لیے نیتن یاہو کی مبینہ کوششوں کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ ایکسیوس نے ایک اسرائیلی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے گوفمین کو ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے امریکی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے بھیجا گیا تھا۔
امریکی اور اسرائیلی حکام نے ایکسیوس کو بتایا کہ گوفمین نے ایران میں کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق مبینہ سرگرمیوں پر اسرائیل کی تشویش سے بھی امریکی حکام کو آگاہ کیا۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس ایسی انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے اس شعبے میں تحقیق اور ترقی کی سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور تجربات بھی کیے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ کو ان نئی انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔