ٹرمپ کا دعویٰ: ایران جلد اور شدت سے معاہدہ چاہتا ہے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2026
ٹرمپ کا دعویٰ: ایران جلد اور شدت سے معاہدہ چاہتا ہے
ٹرمپ کا دعویٰ: ایران جلد اور شدت سے معاہدہ چاہتا ہے

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ جلد از جلد معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم ہوتے ہی عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئے گی۔ ٹرمپ نے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکی اقدامات نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روک دیا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر متعدد پیغامات میں ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات۔ عالمی توانائی کی ترسیل۔ امریکی دفاعی پیداوار اور ملک میں مہنگائی سمیت مختلف معاملات پر اظہار خیال کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ تہران واشنگٹن کے ساتھ معاہدے کے لیے بے چین ہے اور امریکہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ مذاکرات کا آغاز کیا جائے یا نہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایران تیزی سے اور شدت کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ تاہم یہ فیصلہ امریکہ کرے گا کہ مذاکرات میں شامل ہونا ہے یا نہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اس امکان کے لیے تیار ہے۔ایک دوسرے پیغام میں ٹرمپ نے امریکہ میں قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار سابق صدر جو بائیڈن کی حکومت کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں تیل کی قیمتیں بائیڈن انتظامیہ کے مقابلے میں کم ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ تیل کے سوا امریکہ میں قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے ساتھ فوجی تنازع ختم ہوتے ہی تیل کی قیمت میں بہت بڑی کمی آئے گی اور یہ جنگ زیادہ عرصے تک جاری نہیں رہے گی۔آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی بحری تجارت اور تیل کی ترسیل کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ خام تیل کی سپلائی اب بھی جاری ہے۔ تاہم انہوں نے بحران کے دوران امریکہ کا ساتھ نہ دینے والے دیگر ممالک کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ٹرمپ نے کہا کہ عالمی سمندری راستوں کی حفاظت کے لیے امریکہ جو اخراجات کر رہا ہے ان کی تلافی دیگر ممالک کو کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق امریکہ کئی نسلوں سے اپنی ضرورت سے زیادہ دوسروں کے لیے یہ ذمہ داری نبھاتا آ رہا ہے۔امریکی صدر نے ملک کی دفاعی پیداوار میں تیزی کا بھی دعویٰ کیا۔ ان کے مطابق امریکہ اس وقت اپنی تاریخ کے کسی بھی دوسرے دور کے مقابلے میں زیادہ جدید اور اہم دفاعی ہتھیار تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہتھیار روزانہ مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں اور دیگر مقامات پر موجود افواج تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق امریکی دفاعی فیکٹریاں چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں اور بڑے پیمانے پر نئی پیداواری تنصیبات بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پیداوار میں پیٹریاٹ میزائل نظام۔ تھاڈ دفاعی نظام۔ ٹوماہاک میزائل اور دیگر معیاری میزائل نظام خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔دریں اثنا ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک امریکی آبدوز سے متعلق تہران کے دعوے پر کہا ہے کہ اسے ضبط نہیں کیا گیا بلکہ جنگی مال غنیمت کے طور پر قبضے میں لیا گیا ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق بقائی نے دعویٰ کیا کہ جنگی حالات میں حاصل کیا گیا ایسا مال قانونی حیثیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل ستمبر کے اوائل میں ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے داخلی راستے کے قریب ایک بغیر پائلٹ امریکی آبدوز کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے قبضے میں لیے گئے آلے کی شناخت ڈائیو ایل ڈی کے طور پر کی تھی۔ یہ ایک بڑا خودکار زیر آب ڈرون ہے جسے کیلیفورنیا میں قائم دفاعی کمپنی اینڈوریل نے تیار کیا ہے۔تقریباً 19 فٹ طویل اس زیر آب آلے کو مختلف نوعیت کے فوجی اور نگرانی کے کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ان میں سمندری بارودی سرنگوں کا سراغ لگانا۔ سمندر کی تہہ کا نقشہ تیار کرنا۔ خفیہ معلومات جمع کرنا اور زیر آب کیبلز اور پائپ لائنوں جیسے اہم بنیادی ڈھانچے کا معائنہ شامل ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے ذریعے قبضے کا اعلان کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے امریکی فوج کی جدید ترین اور ذہین بغیر پائلٹ آبدوزوں میں سے ایک کو آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر اپنے قبضے میں لیا ہے۔تاہم امریکہ نے ایرانی دعوے کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ زیر آب ڈرون کو اس واقعے سے ایک دن سے زیادہ پہلے تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔