سعودی ائیر پورٹ پر ڈرون حملے میں 10 افراد زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
سعودی ائیر پورٹ پر ڈرون حملے میں 10 افراد زخمی
سعودی ائیر پورٹ پر ڈرون حملے میں 10 افراد زخمی

 

 

ریاض:سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ائیرپورٹ پر حوثی باغیوں کا ڈرون حملہ، 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بار پھر سعودی عرب کے شہر جازان میں کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی جس کو سعودی فضائیہ کے ڈیفنس سسٹم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔

عرب اتحادی افواج کے مطابق حوثی باغیوں نے ڈرونز کے ذریعے ائیرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کو ناکام بنادیا گیا تاہم ڈرونز کے ٹکرے لگنے کے باعث ائیرپورٹ پر موجود مسافروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جن میں 6 مسافر اور ائیرپورٹ کا عملہ شامل ہے جن کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

عرب اتحادی افواج کے ترجمان نے حوثی باغیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آبادی اور ائیرپورٹ کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار حوثی باغیوں کی جانب سے ابھا کے ہوائی اڈے پر حملے کیے گئے ہیں، اس سے قبل حملے کے نتیجے میں ايک سويلين ہوائی جہاز کو آگ لگ گئی تھی جب کہ 2 روز قبل بھی ائیرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔