آچی ناگویا: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز میں اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے مسلسل دوسری بار گولڈ میڈل جیت لیا۔ منگل کو کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا کو 147 رنز سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ اس کامیابی میں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی جارحانہ بلے بازی کے بعد ہندوستانی اسپن گیند بازوں نے اہم کردار ادا کیا۔
ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 3 وکٹ پر 216 رنز کا بڑا اسکور بنایا، جو ایشین گیمز کی خواتین کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 15.4 اوور میں صرف 69 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان نے موجودہ ایشین گیمز میں اپنا پہلا گولڈ میڈل حاصل کرلیا ہے۔ ہندوستان اس سے قبل چار سلور اور دو برونز میڈل جیت چکا تھا اور اب اس کے مجموعی میڈلوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ 217 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سری لنکا کی شروعات ہی خراب رہی۔ شیفالی ورما نے ایمیشا دلانی کو تین رنز پر آؤٹ کیا، جنہیں وکٹ کیپر رچا گھوش نے اسٹمپ کیا۔ 2.5 اوور میں سری لنکا کا اسکور 18 رنز پر ایک وکٹ تھا۔
کپتان چماری اتھاپتھو نے کچھ اچھے اسٹروک لگاتے ہوئے نندنی شرما اور کرانتی گاؤڈ کے اوورز میں دو، دو چوکے لگائے، لیکن ان کی اننگز زیادہ دیر نہ چل سکی۔ شیفالی نے حسینی پریرا کو بھی آؤٹ کردیا۔ وہ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بھارتی فیلڈر بھارتی فلمالی کے ہاتھوں کیچ ہوئیں اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئیں۔ سری لنکا کا اسکور 4.2 اوور میں 30 رنز پر دو وکٹ ہوگیا۔ پاور پلے کے چھ اوور مکمل ہونے تک سری لنکا نے 41 رنز بنائے تھے اور اس کی دو وکٹیں گری تھیں۔ چماری 27 اور کاویشا دلہاری 6 رنز پر کھیل رہی تھیں۔ اس کے بعد دیپتی شرما نے ایک بار پھر چماری اتھاپتھو کو اپنا شکار بنایا۔ ایشیا کپ کے فائنل میں بھی دیپتی نے سری لنکا کی کپتان کو آؤٹ کیا تھا۔
جاپان میں بھی دیپتی نے انہیں 21 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد بھارتی فلمالی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ 6.5 اوور میں سری لنکا کا اسکور 43 رنز پر تین وکٹ ہوگیا۔ اس کے بعد بھارتی اسپنرز نے سری لنکا کی بیٹنگ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ شری ینکا پاٹل نے ہرشیتھا سماراوکرمہ کو بغیر کوئی رن بنائے کیچ اینڈ بولڈ کیا، جبکہ شری چارانی نے ہنسما کرونارتنے کو ایک رن پر آؤٹ کردیا۔ سری لنکا 8.4 اوور میں 49 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا چکا تھا۔
دیپتی شرما نے کاویشا دلہاری کو 11 رنز پر آؤٹ کیا اور اس کے بعد شری چارانی نے کاویا کاوندی کو دو رنز پر پویلین بھیج دیا۔ دیپتی نے بعد میں سوگندیکا کماری کو تین رنز پر آؤٹ کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا 13.1 اوور میں 63 رنز پر آٹھ وکٹیں کھو چکا تھا۔ میتھالی ایودھیا کے رن آؤٹ کے بعد سری لنکا کی نویں وکٹ 64 رنز پر گری۔ آخر میں شری ینکا پاٹل نے آخری وکٹ حاصل کرکے سری لنکا کی اننگز 69 رنز پر سمیٹ دی۔ ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما نے چار اوور میں صرف 6 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ شری چارانی نے 13 رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔
شیفالی ورما نے دو اوور میں صرف تین رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شری ینکا پاٹل نے 1.4 اوور میں 9 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شاندار آغاز کیا۔ اسمرتی مندھانا نے پہلے ہی اوور میں سوگندیکا کماری کی گیندوں پر دو چوکے لگائے۔ تیسرے اوور میں انہوں نے مسلسل دو چھکے لگا کر ہندوستان کی رفتار مزید تیز کردی۔ چوتھے اوور میں شیفالی ورما اور مندھانا نے 15 رنز بنائے، جس سے اسکور 40 رنز تک پہنچ گیا۔ پانچویں اوور میں سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو کے خلاف دونوں بھارتی اوپنرز نے 19 رنز حاصل کیے، جن میں تین چھکے شامل تھے۔
پاور پلے کے چھ اوور مکمل ہونے پر ہندوستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 67 رنز تھا۔ دسویں اوور کی دوسری گیند پر مندھانا نے اپنی 37ویں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی نصف سنچری مکمل کی۔ اسی دوران وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے والی پہلی خاتون کرکٹر بھی بن گئیں۔ تاہم اسی اوور میں چمڈی پربودھا نے شیفالی ورما کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی 99 رنز کی اوپننگ شراکت توڑ دی۔ شیفالی نے صرف 29 گیندوں پر 48 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد کپتان ہرمن پریت کور اور مندھانا نے اسکور کو 123 رنز تک پہنچایا۔ 15ویں اوور کی چوتھی گیند پر کاویشا دلہاری نے ہرمن پریت کو 17 گیندوں پر 19 رنز کے اسکور پر آؤٹ کردیا۔
ان کی اننگز میں تین چوکے شامل تھے۔ مندھانا اور رچا گھوش نے اس کے بعد رنز کی رفتار برقرار رکھی۔ 16ویں اوور میں دونوں نے 15 رنز حاصل کیے۔ تاہم 17ویں اوور کی پانچویں گیند پر سوگندیکا کماری نے مندھانا کو 45 گیندوں پر 79 رنز کے شاندار اسکور پر آؤٹ کردیا۔ مندھانا کی اننگز میں پانچ چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔ مندھانا کے آؤٹ ہونے کے باوجود رچا گھوش نے جارحانہ انداز جاری رکھا اور اگلے ہی اوور میں کاویا کاوندی کی گیندوں پر 14 رنز حاصل کیے۔ آخری اوور میں رچا نے میتھالی ایودھیا کے خلاف 17 رنز بٹورے اور ہندوستان کا اسکور 216 رنز تک پہنچا دیا۔ رچا گھوش 22 گیندوں پر 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ سری لنکا کی جانب سے چمڈی پربودھا، کاویشا دلہاری اور سوگندیکا کماری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔