نیواڈا: امریکہ کی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے ہندوستانی گینگسٹر ہمانشو بھاؤ اور نیرج کوشک کو لاس ویگاس میں حراست میں لے لیا ہے۔ دونوں کو نیواڈا کے ہینڈرسن حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے، جو لاس ویگاس میں آئی سی ای کے شعبۂ نفاذ و ملک بدری کے ماتحت ہے۔ دونوں کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات اور آئندہ قانونی کارروائی کے بارے میں ابھی مکمل معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ہمانشو بھاؤ کا اصل نام ہمانشو رٹولیا ہے اور وہ ہریانہ کے روہتک کا رہنے والا ہے۔ ہندوستان میں اس کے خلاف 18 مجرمانہ مقدمات درج ہونے کی بات کہی گئی ہے۔
نیرج کوشک کو نیرج فریدپوریا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ہمانشو بھاؤ کے خلاف قتل، قتل کی کوشش، بھتہ خوری، مجرمانہ دھمکی اور جعل سازی سمیت کئی الزامات ہیں۔ اگست 2023 سے اس کے خلاف انٹرپول کا ریڈ نوٹس بھی جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ہمانشو بھاؤ 2022 میں ہندوستان سے فرار ہوا تھا، جب کہ نیرج کوشک کے بارے میں خیال ہے کہ وہ 2019 میں ملک چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ الزام ہے کہ دونوں نے جعلی دستاویزات کی مدد سے حاصل کیے گئے پاسپورٹ استعمال کیے اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے مختلف نام اختیار کیے۔ ہمانشو بھاؤ کے مبینہ مجرمانہ نیٹ ورک کا تعلق ہندوستان میں پیش آنے والے متعدد واقعات سے جوڑا گیا ہے۔
اگست 2025 میں پولیس نے یوٹیوبر الوِش یادو کی گروگرام میں واقع رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے معاملے میں دو مبینہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق، ملزمان جیل میں بند گینگسٹر نیرج فریدپوریا اور ہمانشو بھاؤ کی ہدایات پر کام کر رہے تھے۔ الزام ہے کہ دونوں نے اس واردات کے لیے اسلحے کی فراہمی، رقم کے انتظام اور دیگر ضروری انتظامات میں رابطہ کاری کی تھی۔ اس گینگ کو دہلی کے راجوری گارڈن علاقے میں واقع برگر کنگ ریسٹورنٹ میں 2024 میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے سے بھی جوڑا گیا ہے، جس میں 26 سالہ شخص ہلاک ہو گیا تھا۔
ہمانشو بھاؤ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ مقتول 2020 میں اس کے ساتھی شکتی داد کے قتل میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ، اس گینگ سے مبینہ طور پر وابستہ افراد کو گروگرام میں ہریانوی گلوکار راہل یادو، جو فاضل پوریہ کے نام سے مشہور ہیں، کے ایک قریبی ساتھی کے قتل سے بھی جوڑا گیا ہے۔