ابوظہبی: ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کمیٹی (جے ڈی سی سی) کا 14واں اجلاس جمعرات کو ابوظہبی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت ہندوستان کی جانب سے دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ اور متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے انڈر سکریٹری لیفٹیننٹ جنرل ابراہیم ناصر ایم العلاوی نے کی۔ وزارت دفاع کے مطابق اجلاس میں مئی 2026 میں وزیر اعظم کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران طے پانے والے ہندوستان۔متحدہ عرب امارات اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کے فریم ورک کے تحت شروع کیے گئے اقدامات کو مزید سمت فراہم کی گئی۔
دونوں ملکوں نے دفاعی صنعت، دفاعی اختراع اور جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر شعبے، فوجی تربیت اور بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے اگلی نسل کے دفاعی سازوسامان کی مشترکہ تیاری اور مشترکہ پیداوار سے متعلق شراکت داری کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے شریک صدور نے فیصلہ کیا کہ اگلے جے ڈی سی سی اجلاس سے پہلے دفاعی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ ہندوستانی وفد میں محکمہ دفاع، ہندوستانی مسلح افواج، قومی سلامتی کونسل سیکریٹریٹ اور وزارت خارجہ کے نمائندے شامل تھے۔
کاروباری سطح پر دو طرفہ شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ہندوستانی دفاعی صنعت کا ایک وفد بھی جے ڈی سی سی کے وفد کے ساتھ متحدہ عرب امارات گیا۔ اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں کی دفاعی صنعتوں کے درمیان کاروباری سطح کی ملاقات بھی ہوئی۔ وزارت دفاع کے مطابق ہندوستانی دفاعی صنعت کے وفد نے تووازن انڈسٹریل پارک کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کی تووازن اکنامک کونسل کے ساتھ ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ملکوں کی دفاعی صنعتوں کے درمیان باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفاعی سکریٹری کی قیادت میں ہندوستانی وفد نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے دفاعی امور محمد بن مبارک فاضل المزروعی سے بھی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے خلیج اور مغربی ایشیا کے خطے میں ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دفاعی سکریٹری نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے بھی نیک خواہشات پیش کیں۔
اس سے قبل دفاعی سکریٹری نے ابوظہبی میں واحت الکرامہ پر حاضری دی اور متحدہ عرب امارات کی خدمت میں اپنی جان قربان کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت اور ثقافتی تبادلوں پر مبنی صدیوں پرانے تاریخی تعلقات ہیں، جنہیں دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مضبوط روابط نے مزید مستحکم کیا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات اب اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، جس میں اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری بھی شامل ہے۔