یونٹی ٹینکر معاملہ : روسی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہندوستان۔ وزارت خارجہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-09-2026
یونٹی ٹینکر معاملہ :  روسی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہندوستان۔ وزارت خارجہ
یونٹی ٹینکر معاملہ : روسی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہندوستان۔ وزارت خارجہ

 



نئی دہلی: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اوڈیشہ کے پارادیپ بندرگاہ کے قریب حراست میں لیے گئے یونٹی آئل ٹینکر کے روسی عملے کی خیریت اور وطن واپسی کے معاملے پر ہندوستان روسی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو نئی دہلی میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ٹینکر اس وقت پارادیپ بندرگاہ کے قریب موجود ہے اور اسے اوڈیشہ ہائی کورٹ کے حکم کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔جیسوال نے کہا کہ روسی ملاحوں کی خیریت کے حوالے سے ہمیں اس واقعے کا علم ہے اور ہم یہاں روسی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹینکر کو حراست میں لینے کی کارروائی اوڈیشہ ہائی کورٹ کے معزز جج کے حکم کے تحت کی گئی ہے۔ روسی عملے کی وطن واپسی کے حوالے سے ضروری کارروائی کی جارہی ہے۔کیمرون کے پرچم بردار یونٹی ٹینکر کو مئی سے اوڈیشہ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد حراست میں رکھا گیا ہے۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر واجب الادا بنکر ایندھن کی رقم سے متعلق ایک تجارتی تنازع کے سلسلے میں کی گئی۔ یہ جہاز پارادیپ کے ساحل سے تقریباً 10 کلومیٹر دور لنگر انداز ہے۔

بین الاقوامی محنت تنظیم یعنی ILO نے بحری جہازوں پر لاوارث چھوڑے گئے ملاحوں سے متعلق ILO اور انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن یعنی IMO کے مشترکہ ڈیٹا بیس میں یونٹی کو روسی ملاحوں سے متعلق ایک abandonment case کے طور پر درج کیا ہے۔ ڈیٹا بیس کے مطابق جہاز پارادیپ میں عدالتی حراست میں ہے اور عملے کی اجرت اور وطن واپسی کے معاملات زیر التوا ہیں۔

ILO اور IMO کے مشترکہ ڈیٹا بیس میں 16 جولائی کو کولکاتا میں روسی قونصل جنرل کی جانب سے بھیجی گئی اطلاع بھی درج ہے۔ اس کے مطابق روسی ملاحوں کے ملازمت کے معاہدے ختم ہوچکے تھے۔ بڑی مقدار میں اجرتیں واجب الادا تھیں اور عملہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے باوجود وطن واپسی کے انتظار میں جہاز پر موجود تھا۔

کولکاتا میں روسی قونصل جنرل کے مطابق ٹینکر پر ممکنہ طور پر 23 عملہ ارکان موجود تھے۔ ان میں 20 روسی شہری۔ 1 قازق شہری اور 2 مصری شہری شامل تھے۔ عملے کی وطن واپسی کے معاملے پر عدالت کی نئی سماعت 21 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔قونصل خانے نے کہا کہ جہاز کو ملاحوں کو لاوارث چھوڑے جانے کے معاملے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اس نے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ عملے کی مدد اور وطن واپسی کا عمل مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔

قونصل خانے نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ اور کولکاتا کے مرکنٹائل میرین ڈپارٹمنٹ سے بھی ضروری تعاون فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ روسی عملے کی جلد وطن واپسی اور ان کی واجب الادا اجرتوں کی ادائیگی یقینی بنائی جاسکے۔ILO نے ملاحوں کو لاوارث چھوڑے جانے کے معاملات سے نمٹنے کے لیے رہنما اصول جاری کیے ہیں۔ ان کے تحت بندرگاہی ممالک۔ پرچم بردار ممالک اور ان ممالک کو جہاں سے ملاحوں کا تعلق ہے ایسے معاملات سے نمٹنے اور لاوارث ملاحوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

ڈیٹا بیس کے مطابق انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے بھی 16 جولائی کو متعلقہ رکن ممالک کو یونٹی کے معاملے میں مناسب کارروائی کرنے کی ہنگامی درخواست بھیجی تھی۔یونٹی ٹینکر روسی خام تیل ہندوستانی آئل کارپوریشن کے لیے اتارنے کی غرض سے پارادیپ پہنچا تھا۔ اس کے بعد جہاز کو حراست میں لیا گیا۔ ہائی کورٹ کا حکم جہاز کو فراہم کیے گئے بنکر ایندھن کی ادائیگی سے متعلق تنازع کے بعد سامنے آیا۔