پراگ: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ نے چیک جمہوریہ کے اپنے جاری سرکاری دورے کے دوران ملک کی دفاعی صنعت کے اہم نمائندوں سے ملاقات کی اور دفاعی صنعتی شراکت داری کو فروغ دینے اور نئی دہلی و پراگ کے درمیان صنعتی سطح پر تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں انٹرگورنمنٹل کوآپریشن ایجنسی (آموس) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، چیک جمہوریہ کی ڈیفنس اینڈ سکیورٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (اے او بی پی) کے نائب صدر اور چیک دفاعی صنعت سے وابستہ کئی اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔
ہندوستانی فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن (اے ڈی جی پی آئی) نے ایکس پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ ملاقات کے دوران دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیتوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا گیا، ممکنہ مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ملکوں کے دفاعی شعبوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔ بات چیت میں ہندوستان اور چیک جمہوریہ کی جانب سے دفاعی صنعتی تعاون کو وسیع کرنے اور مجموعی دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ جنرل دھیرج سیٹھ کا یہ سرکاری دورہ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات کو آگے بڑھانے اور باہمی اسٹریٹجک مفادات کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کے مقصد سے کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو آرمی چیف نے چیک جمہوریہ کی نائب وزیر خارجہ میری شاتاردووا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیک جمہوریہ میں ہندوستان کے سفیر رویش کمار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اے ڈی جی پی آئی نے ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ جنرل دھیرج سیٹھ نے سفیر رویش کمار کے ہمراہ شاتاردووا سے ملاقات کی اور ہندوستان-چیک تعلقات پر بات چیت کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر غور کیا۔
دورے کے دوران جنرل دھیرج سیٹھ نے پراگ میں چیک مسلح افواج کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک پُروقار تقریب میں پھولوں کی چادر چڑھائی اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے چیک مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے فرسٹ ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل پیٹر چیپیلکا سے بھی ملاقات کی۔ دونوں فوجی افسران نے بدلتی ہوئی عالمی سلامتی کی صورت حال، دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دونوں افواج کے درمیان پیشہ ورانہ فوجی تبادلوں کو وسعت دینے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران چیک فوج کے اعلیٰ عسکری حکام نے آرمی چیف کو ’’ہورائزن 2035: لینڈ وارفیئر ماڈرنائزیشن اینڈ فیوچر ریڈی نیس آف دی چیک آرمڈ فورسز‘‘ کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ اس میں مستقبل کی جنگی حکمت عملی، تکنیکی ترقی اور فوج کی آپریشنل تیاری سے متعلق منصوبوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔