نئی دہلی: ہندوستان اور امریکہ نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات اور ہند-بحرالکاہل خطے میں بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ بات چیت پیر کو نئی دہلی میں ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ اور امریکی فوج کی پیسیفک کمانڈ (یو ایس اے آر پی اے سی) کے ڈپٹی کمانڈنگ جنرل لیفٹیننٹ جنرل جوئل بی ووول کے درمیان ہوئی۔ ملاقات کے بعد ہندوستانی فوج نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا، ’’یو ایس اے آر پی اے سی کے ڈپٹی کمانڈنگ جنرل لیفٹیننٹ جنرل جوئل بی ووول نے 28 ستمبر کو فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہند-بحرالکاہل میں بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات تلاش کیے۔‘
‘ سرکاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقات کے دوران مشترکہ تربیت اور فوجی مشقوں کے ذریعے دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون اور تال میل بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی بات ہوئی۔ بیان کے مطابق ’یودھ ابھیاس‘ مشق کی کامیابی نے مشترکہ کارروائیوں میں دونوں افواج کے درمیان بہتر تال میل کو ظاہر کیا اور فوجی تعاون مضبوط کرنے کے دونوں ممالک کے عزم کی تصدیق کی۔ اس کے علاوہ پیر کو دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے امریکی کانگریس کے رکن برائن ماسٹ کی قیادت میں ہندوستان کے دورے پر آئے دونوں جماعتوں کے ارکان پر مشتمل امریکی کانگریسی وفد سے بھی بات چیت کی۔
اس ملاقات میں ہندوستان اور امریکہ کے جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی، خاص طور پر دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر۔ وزارت دفاع نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے امریکی ایوان نمائندگان کے ایک دو جماعتی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ کر رہے تھے۔ دونوں فریقوں نے بدلتی ہوئی ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری اور دفاعی صنعتی و تکنیکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ’یودھ ابھیاس 2026‘ مشق کے تحت دونوں ممالک کی فوجی ٹکڑیوں نے مختلف جنگی سازوسامان اور حکمت عملی سے متعلق حالات میں ایک ساتھ تربیتی مشقیں کیں۔ ان مشقوں کا مقصد دونوں افواج کے درمیان باہمی تال میل اور آپریشنل طریقہ کار سے متعلق صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔ ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے بھی ان دوطرفہ فوجی مشقوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشق نے دونوں جمہوری ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کیا ہے۔ سفیر گور نے راجستھان کے مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کرکے دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی تربیت کا مشاہدہ کرنے کے بعد یہ بات کہی۔