ہندوستان اور امریکہ نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم دہرایا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
ہندوستان اور امریکہ نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم دہرایا
ہندوستان اور امریکہ نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم دہرایا

 



نئی دہلی: ہندوستان کے وزارتِ داخلہ کے ماتحت نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اور 3 نومبر کو نئی دہلی میں ہندوستان-امریکہ ڈرگ پالیسی ایگزیکٹو ورکنگ گروپ کی دوسری میٹنگ کی میزبانی کی۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق، دونوں ملکوں کے انسدادِ منشیات کے شعبے میں قریبی طور پر کام کرنے والے پالیسی سازوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ہندوستانی وفد کی قیادت این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل انوراگ گرگ نے کی، جبکہ امریکی وفد کی سربراہی آفس آف نیشنل ڈرگ کنٹرول پالیسی (او این ڈی سی پی) کی قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیبی سیگن نے کی۔

امریکہ-ہندوستان ڈرگ پالیسی فریم ورک کے طے شدہ اصولوں کے تحت ہونے والی اس میٹنگ میں غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ انٹیلی جنس کے تبادلے، مربوط قانونی کارروائی، منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکل اجزا پر کنٹرول، ادویات کی سپلائی چین کی شفافیت و سلامتی اور منشیات کی طلب میں کمی کے لیے اقدامات کو ترجیحی شعبوں کے طور پر نشان زد کیا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق، افتتاحی خطاب میں انوراگ گرگ نے انڈیا وژن روڈ میپ 2026-2029 کا ذکر کیا، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں تیار کیا گیا ہے۔ اس روڈ میپ میں غیر قانونی منشیات کی تجارت سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پیش کی گئی ہے، جس میں منشیات کے نیٹ ورک پر مبنی تحقیقات، منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکل اجزا پر کنٹرول، مالیاتی تحقیقات، روک تھام اور بحالی پر زور دیا گیا ہے۔

این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہندوستان نے منشیات کی اسمگلنگ کے پورے نظام کو نشانہ بنانے کے لیے نیٹ ورک پر مبنی طریقہ اختیار کیا ہے، جس کے تحت اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے مالی معاونین، سپلائرز، سہولت کاروں اور رسد سے متعلق نیٹ ورک سمیت پورے ماحولیاتی نظام کو توڑنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب امریکی آفس آف نیشنل ڈرگ کنٹرول پالیسی کی ڈائریکٹر اور امریکی ڈرگ زار سارہ کارٹر نے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ایگزیکٹو ورکنگ گروپ اور دوطرفہ تعاون بین الاقوامی سطح پر سرگرم منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو توڑنے اور مصنوعی منشیات اور کیمیائی اجزا کے عالمی منڈیوں میں غیر قانونی رخ اختیار کرنے سے روکنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

کارٹر نے مزید کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی 2026 کی قومی منشیات کنٹرول حکمت عملی کے تحت امریکہ اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ موجودہ جرائم پیشہ نیٹ ورک اور غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں جدید اور کثیر ملکی لاجسٹکس کمپنیوں کی طرح کام کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، اگر مخالف ایک عالمی کاروبار کی طرح منظم ہے تو اسے شکست دینے کے لیے حکمت عملی بھی اسی سطح پر ہدفی اور مربوط ہونی چاہیے اور ان تجارتی سپلائی چینز کو محفوظ بنانے کے لیے سرحدوں کے پار شراکت داری ضروری ہے جن کا جرائم پیشہ عناصر غلط استعمال کرتے ہیں۔

ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے دونوں ملکوں کے درمیان عملی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ عوام کا تحفظ سرحدوں کو محفوظ بنانے اور غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کو ان کے منبع پر روکنے سے شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ صرف تعاون کی بات نہیں کر رہے بلکہ عملی سطح پر نتائج بھی حاصل کر رہے ہیں، جن میں غیر قانونی طور پر استعمال ہونے والے کیمیکل اجزا کی روک تھام، تجارتی سپلائی چینز کو محفوظ بنانا اور ان کا فائدہ اٹھانے والے منشیات کے کارٹلز کو ختم کرنا شامل ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق، امریکہ اور ہندوستان نے جنوری 2026 میں واشنگٹن میں ہونے والی ایگزیکٹو ورکنگ گروپ کی پہلی میٹنگ میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھایا۔ دونوں وفود نے منشیات کی اسمگلنگ کے موجودہ رجحانات اور ابھرتے ہوئے خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں نے آپریشن میڈ میکس (MedMax)، آپریشن وائپ (WIPE) اور مصنوعی منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکل اجزا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ہندوستان کے رضاکارانہ ضابطۂ اخلاق سمیت عملی اور ضابطہ جاتی سطح پر جاری مشترکہ اور قومی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ منشیات سے متعلق ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور منشیات کی طلب میں کمی لانے کے لیے ادارہ جاتی رابطے، بروقت انٹیلی جنس کا تبادلہ اور مربوط کارروائی مسلسل جاری رہنی چاہیے۔ دونوں فریقوں نے قانون نافذ کرنے کے مخصوص شعبوں میں بہترین طریقۂ کار ایک دوسرے کے ساتھ مزید شیئر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ میٹنگ میں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان انسدادِ منشیات کے شعبے میں دیرینہ اور مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا، تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور دونوں ملکوں کے عوام کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

امریکی وائٹ ہاؤس کا آفس آف نیشنل ڈرگ کنٹرول پالیسی امریکہ کی منشیات سے متعلق پالیسی کی قیادت اور رابطہ کاری کرتا ہے، صدر کی قومی منشیات کنٹرول حکمت عملی تیار اور نافذ کرتا ہے اور ڈرگ فری کمیونٹیز سپورٹ اور ہائی انٹینسٹی ڈرگ ٹریفکنگ ایریا جیسے پروگراموں کے ذریعے مختلف برادریوں کی مدد کرتا ہے۔