تہران: ایران کی بحریہ نے ہفتہ کے روز آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع ممنوعہ سمندری علاقے میں داخل ہونے والے تیل بردار جہازوں کو سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ یہ وارننگ ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب اطلاعات کے مطابق ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا اور سمندر میں غیر متحرک ہوگیا۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق ایرانی بحریہ نے بتایا کہ مذکورہ جہاز ممنوعہ اور غیر محفوظ سمندری علاقے سے گزرتے ہوئے اپنے ٹریکنگ اور شناختی نظام بند کرچکا تھا۔ بحریہ نے ہفتہ کو جاری بیان میں خبردار کیا کہ ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے والے کسی بھی آئل ٹینکر کو اسی طرح کے انجام کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اس نے جہازوں کے مالکان پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی یقین دہانیوں پر بھروسہ کرکے اپنے قیمتی اثاثوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ آئی ایس این اے کے مطابق ایرانی بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا، ’’یہ افسوسناک ہے کہ آئل ٹینکرز کے مالکان دوسرے شرپسند جہازوں کے انجام سے سبق حاصل کیے بغیر، امریکی صدر کی بے بنیاد باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے سرمائے کو بارودی سرنگوں کی جنگ میں جھونک رہے ہیں۔
‘‘ یہ تازہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے چند گھنٹے قبل دعویٰ کیا تھا کہ دو آئل ٹینکرز نے اجازت کے بغیر آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے سے گزرنے کی کوشش کی اور بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد ان میں دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ان جہازوں نے ممنوعہ راستے سے گزرنے کے دوران اپنی شناخت سے بچنے کے لیے ریڈار اور آٹومیٹک آئیڈینٹی فکیشن سسٹم (اے آئی ایس) بند کردیے تھے۔
آئی آر جی سی کی بحریہ نے جہاز رانی کرنے والی کمپنیوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ اس اہم سمندری راستے سے گزرنے سے قبل اس کے ٹریفک کنٹرول سینٹر سے رابطہ کریں اور ایرانی حکام کے طے کردہ ضوابط پر عمل کریں۔ یہ پیش رفت ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے، جس میں آبنائے ہرمز تنازع کا ایک اہم مرکز بن کر ابھری ہے۔ 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد تہران نے اس سمندری راستے سے آمدورفت پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
ایران کا مؤقف ہے کہ محفوظ گزرگاہ کے لیے جہازوں کو ایرانی حکام سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی جہاز رانی کا ایک انتہائی اہم اور اسٹریٹجک سمندری راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی تیل کی سپلائی کا ایک بڑا حصہ منتقل کیا جاتا ہے۔ دریں اثنا، ایران کے اس دعوے کے بعد بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے کہ اس کی اسلامی انقلابی گارڈ کور کی ایرو اسپیس فورس نے بحرین میں امریکی ابتدائی انتباہی ریڈار تنصیب کو تباہ کردیا ہے۔ ایران نے یہ کارروائی اپنے علاقے سیریک میں ٹیلی کمیونی کیشن کے بنیادی ڈھانچے پر مبینہ امریکی حملے کے جواب میں کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کو نشانہ بنانے والے ایران کے دو حملہ آور ڈرونز کو راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔
اس واقعے میں نہ کوئی شخص زخمی ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا نقصان پہنچا۔ سینٹ کام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا، ’’آئی آر جی سی نے بحرین کی جانب دو یک طرفہ حملہ آور ڈرونز روانہ کیے تھے، جنہیں امریکی فورسز نے مار گرایا۔ اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔‘‘ آئل ٹینکروں، بحری بارودی سرنگوں اور فوجی کارروائیوں سے متعلق تفصیلات ایرانی اور امریکی حکام کے دعوؤں پر مبنی ہیں۔