بیجنگ: چین اور امریکہ نے جمعہ کے روز اپنی دوطرفہ تجارتی کونسل کے پہلے اجلاس میں ٹیرف اور زرعی تجارت سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ پیش رفت اگلے ہفتے چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی متوقع ملاقات سے قبل سامنے آئی ہے۔ چین کی وزارت تجارت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے چائنا ڈیلی نے بتایا کہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والے مذاکرات صاف گوئی، گہرائی اور تعمیری انداز میں منعقد ہوئے۔ چین امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورتی نظام کے تحت ہونے والے اس اجلاس میں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان پہلے طے پانے والے اتفاق رائے کی روشنی میں سابقہ مذاکرات کے نتائج پر عمل درآمد پر توجہ دی گئی۔
چائنا ڈیلی کے مطابق مذاکرات میں دونوں جانب سے 30، 30 ارب امریکی ڈالر مالیت کی اشیاء پر باہمی ٹیرف میں کمی کے انتظام، زرعی تجارت اور دیگر مشترکہ اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ٹرمپ اور شی جن پنگ کی جمعرات کو شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) فورم کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔ چینی وزارت تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے کونسل کے ذریعے رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اس کا مقصد تعاون کے دائرے کو وسیع کرنا اور اختلافات کے نکات کو کم کرنا ہے۔
وزارت کے مطابق ان کوششوں کا مقصد باہمی احترام، انصاف اور برابری کی بنیاد پر چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری اور مستحکم اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے چین میں ہونے والے اے پی ای سی سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ پہلی بار سہ فریقی ملاقات میں بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ اے بی سی نیوز کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ تینوں رہنماؤں کے درمیان متوقع بات چیت میں جوہری تخفیف اسلحہ اور ایران کے معاملات پر توجہ دی جائے گی۔ یہ ملاقات تین بڑی عالمی طاقتوں کے رہنماؤں کے درمیان ایک غیر معمولی مشترکہ رابطہ ہوگا۔
تاہم امریکی حکام نے جوہری ہتھیاروں میں فوری کمی سے متعلق کسی معاہدے کی توقعات کو کم قرار دیتے ہوئے اسے ابتدائی بات چیت بتایا ہے۔ سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے کہا کہ ٹرمپ عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق جوہری ہتھیاروں کا پھیلاؤ ایک خطرناک پیش رفت ہے۔ امریکی حکام نے مزید بتایا کہ ٹرمپ، شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کے ساتھ ایران کا معاملہ بھی اٹھائیں گے، تاہم اس سہ فریقی ملاقات میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ پر بات کرنے کا ان کا ارادہ نہیں ہے۔
سہ فریقی ملاقات سے قبل ٹرمپ اور شی جن پنگ کی دوطرفہ ملاقات اور ورکنگ لنچ بھی طے ہے۔ تاہم ٹرمپ اور روسی صدر پوتن کے درمیان الگ سے ون ٹو ون ملاقات کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہ بات چیت عالمی جوہری سلامتی کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان ہورہی ہے۔ خاص طور پر امریکہ اور روس کے درمیان آخری جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کی مدت فروری میں ختم ہونے کے بعد اس معاملے پر توجہ میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب چین بھی اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ کررہا ہے۔ ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک بھی ٹرمپ کے دورہ چین کے بعض مراحل میں ان کے ہمراہ ہوسکتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق چین میں ان کے کاروباری مفادات اس دورے میں ان کی ممکنہ شرکت کی وجہ ہیں۔ تاہم اے بی سی نیوز کے مطابق وہ سہ فریقی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔ ٹرمپ اپنے ایشیائی دورے کا آغاز پیر کے روز منیلا سے کریں گے، جہاں وہ آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس دوران ہند بحرالکاہل خطے میں امن و سلامتی سے متعلق بات چیت اور فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس کے بعد وہ چین کے شہر شینزن روانہ ہوں گے، جہاں اے پی ای سی سربراہی اجلاس میں شرکت، رہنماؤں کے عشائیے اور کثیر ملکی اجلاسوں کے بعد چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ شی جن پنگ اور پوتن کے ساتھ متوقع سہ فریقی ملاقات ٹرمپ کے ایشیائی دورے کا آخری پروگرام ہوگی۔