بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ جلد طے پانے کی امید: جے شنکر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2026
بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ جلد طے پانے کی امید: جے شنکر
بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ جلد طے پانے کی امید: جے شنکر

 



نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان اور امریکہ نے مجوزہ تجارتی معاہدے سے متعلق بیشتر مسائل، بشمول ٹیرف سے متعلق معاملات، حل کرلیے ہیں اور باقی ماندہ امور پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم نریندر مودی کے آئندہ ماہ امریکہ میں ہونے والی جی 20 سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے دورے کا امکان ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور تجارتی معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

ایچ ٹی لیڈرشپ سمٹ میں ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات اب اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ ان کے مطابق باقی رہ جانے والے کئی معاملات ہندوستان کی جانب سے نہیں بلکہ زیادہ تر امریکی جانب سے متعلق ہیں۔ تجارتی معاہدے سے متعلق سوال کے جواب میں جے شنکر نے کہا، ’’ہمیں پوری امید ہے اور کئی اعتبار سے توقع بھی ہے کہ ہم آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے۔‘‘ اس بات کے بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ہندوستان اور امریکہ 14 اور 15 دسمبر کو میامی میں ہونے والی جی 20 سربراہی کانفرنس کے موقع پر مودی اور ٹرمپ کی ملاقات کے بعد تجارتی معاہدے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

جے شنکر نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق بیشتر معاملات حل ہوچکے ہیں، تاہم کچھ امور ابھی باقی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آخری مرحلے کے کچھ مسائل باقی ہیں اور ان میں سے کئی معاملات ہماری طرف سے نہیں ہیں، کیونکہ تبدیلیاں ہندوستان کے مقابلے میں امریکی جانب زیادہ ہوئی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی، تاہم آخری مرحلے میں تمام فریقین کے اندر جلد نتیجے تک پہنچنے کی بے چینی فطری ہے۔ گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ممبئی میں کہا تھا کہ دونوں ممالک تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستان اور امریکہ 2025 کے اوائل سے مجوزہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات کررہے ہیں۔

اس کا مقصد ٹیرف سے متعلق اختلافات کو دور کرنا، غیر ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی منڈیوں تک رسائی کو فروغ دینا ہے۔ ہندوستان کی کوشش ہے کہ امریکی بازار میں اس کی مصنوعات کو مسابقتی ممالک کے مقابلے میں بہتر ٹیرف سہولت حاصل ہو۔ جے شنکر نے کہا، ’’ہمارے لیے اہم بات یہ ہے کہ تجارتی معاہدہ فائدہ مند اور متوازن ہو اور ہمیں ایسی معیشتوں کے مقابلے میں مسابقتی برتری فراہم کرے جو ہماری جیسی ہیں۔ ہماری اصل خواہش اور توقع بھی یہی ہے کہ معاہدہ طے پانے کے بعد ہمیں یہ فائدہ حاصل ہو۔‘‘ وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے وسیع تر مفادات کے تناظر میں بھی مجوزہ تجارتی معاہدے کو دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ماضی میں ایشیائی معیشتوں کے ساتھ کئی تجارتی معاہدے کیے تھے، جن میں سے بہت سے ممالک خود بھی مضبوط تجارتی حریف تھے۔ ان معاہدوں سے جن فوائد کی توقع کی گئی تھی، وہ پوری طرح حاصل نہیں ہوسکے۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں ہندوستان نے جو آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں، ان پر زیادہ غور و فکر کیا گیا ہے اور ان کا اسٹریٹجک اور معاشی بنیادوں پر بہتر انداز میں جائزہ لیا گیا ہے۔ جے شنکر نے کہا کہ امریکہ ہندوستان کی سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہندوستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا، ’’جب ہم اس وسیع تناظر میں دیکھتے ہیں تو امریکہ ہماری سب سے بڑی منڈیوں میں سے ایک اور دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے۔ ظاہر ہے کہ ایسی معیشت کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہمارے لیے فائدہ مند ہوگا۔‘‘ ان کے مطابق صدر ٹرمپ بھی اپنے ملک کے لیے منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کی غرض سے مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدے کرنا چاہتے ہیں۔ اصل چیلنج دونوں ممالک کے لیے ایک قابل قبول راستہ تلاش کرنا ہے۔ جے شنکر نے کہا کہ یہ ایسا معاملہ نہیں تھا جسے محض چند بڑے فیصلوں اور تیزی سے مذاکرات کے ذریعے فوری طور پر حل کیا جاسکتا تھا، کیونکہ اس میں لوگوں کے روزگار اور زندگیوں سے جڑے انتہائی اہم مسائل شامل ہیں۔

انہوں نے اشارہ دیا کہ ٹیرف سے متعلق معاملات بھی بڑی حد تک حل ہوچکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا، ’’اگر آپ واقعی کسی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں تو ہر ٹیرف لائن کا الگ الگ جائزہ لینا پڑتا ہے، جس میں وقت لگتا ہے۔ ہم نے اسی تفصیلی طریقہ کار کے تحت کام کیا ہے۔ ہر کسی میں اتنا صبر یا اس عمل کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رہی، لیکن اب ہم تقریباً آخری مرحلے تک پہنچ چکے ہیں۔ امید ہے کہ جلد کامیابی حاصل ہوگی۔‘

‘ تجارتی معاہدہ طے پانے کی صورت میں ہندوستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات میں بھی نئی بہتری آسکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال واشنگٹن کی جانب سے ہندوستان پر سخت اضافی ٹیرف عائد کیے جانے اور صدر ٹرمپ کے مئی 2025 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کشیدگی کم کرانے میں اپنے کردار سے متعلق دعوؤں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں تناؤ پیدا ہوگیا تھا۔ ٹرمپ کے ان بیانات پر ہندوستانی حکام نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔