نئی دہلی: بھارت میں فرانس کے سفیر تھیری ماتھو نے پیر کے روز کہا ہے کہ بھارت اور فرانس کو خلائی شعبے میں چھ دہائیوں پر محیط تعاون کو سرکاری خلائی اداروں کے روابط سے آگے بڑھاتے ہوئے صنعتی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہیے، جس میں اسٹارٹ اپس، سرمایہ کار اور نجی کمپنیاں بھی شامل ہوں۔ نئی دہلی میں انڈیا انٹرنیشنل اسپیس کانکلیو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر نے ایک ایسا لائحہ عمل پیش کیا جس کے تحت فرانس کی تکنیکی مہارت کو بھارت کی کاروباری صلاحیتوں اور ’میک اِن انڈیا‘ کے تحت بڑھتی ہوئی صنعتی استعداد کے ساتھ جوڑا جائے گا۔
تھیری ماتھو نے کہا کہ خلائی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں دونوں ممالک کے خلائی اداروں کے ساتھ ساتھ کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں، محققین اور تعلیمی اداروں کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق فرانس کی تکنیکی مہارت اور بھارت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو یکجا کرکے دونوں ممالک کے لیے ہی نہیں بلکہ عالمی منڈیوں کے لیے بھی جدید حل تیار کیے جاسکتے ہیں۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ بھارت میں حالیہ اصلاحات کے نتیجے میں نجی راکٹ ساز کمپنیوں، سیٹلائٹ تیار کرنے والے اداروں اور ڈیٹا اسٹارٹ اپس کے لیے خلائی شعبے کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرانس یورپ کے بڑے خلائی صنعتی نظاموں میں سے ایک کا حامل ہے اور اب دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہِ راست روابط قائم کرنا چاہتا ہے۔ ماتو کے مطابق اب اصل چیلنج یہ ہے کہ ماضی میں فرانس کے قومی خلائی مطالعاتی مرکز (سی این ای ایس) اور بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے درمیان زیادہ تر ادارہ جاتی سطح پر ہونے والے تعاون کو عملی صنعتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے بنگلورو اسپیس ایکسپو اور پیرس میں منعقدہ انٹرنیشنل اسپیس سمٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان تقریبات کے دوران سیٹلائٹ پلیٹ فارمز، خلائی نگرانی، زمینی نظام اور مقامی سطح پر صنعتی پیداوار کے شعبوں میں متعدد شراکت داریوں کا اعلان کیا گیا۔
فرانسیسی سفیر نے مزید کہا کہ فرانس خلائی شعبے کو اعلیٰ ترجیح دینے اور میک اِن انڈیا کے تصور کے تحت بھارت کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جیسا کہ دونوں ممالک دفاعی شعبے میں پہلے ہی تعاون کر رہے ہیں۔ چھ دہائیوں پر محیط خلائی تعاون تھیری ماتھو نے بھارت اور فرانس کے خلائی تعاون کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس شراکت داری کا آغاز 1963 میں ہوا تھا، جب بھارت نے کیرالہ کے علاقے تھمبا سے اپنا پہلا ساؤنڈنگ راکٹ فرانسیسی پے لوڈ کے ساتھ خلا میں روانہ کیا تھا۔
گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران اسرو اور فرانس کے قومی خلائی مطالعاتی مرکز نے وکاس انجنوں کے ذریعے راکٹ پروپلشن، میگھا ٹروپیکس اور سارل آلٹیکا جیسے زمین کے مشاہدے کے مشنز اور تجارتی سیٹلائٹ لانچنگ کے شعبوں میں مشترکہ کام کیا ہے۔ فی الحال دونوں خلائی ادارے ترشنا (TRISHNA) نامی تھرمل انفرا ریڈ امیجنگ سیٹلائٹ کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت کے انسانی خلائی پرواز پروگرام گگن یان کے لیے خلا بازوں کی تربیت میں بھی تعاون جاری ہے۔ دفاعی خلائی تعاون کا دائرہ بھی وسیع ہوا ہے۔ دونوں ممالک کی وزارتِ دفاع کے درمیان 2024 میں طے پانے والے ایک خطِ ارادہ کے بعد خلائی نگرانی کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں۔
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ خلائی شعبے میں نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور تعاون کے نئے طریقے تلاش کرنے کے لیے موجودہ شراکت داری کو نئے سرے سے تشکیل دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کانکلیو میں شریک بھارتی اسٹارٹ اپس اور تحقیقی اداروں کو مشترکہ منصوبوں کے لیے فرانس کی جانب سے مکمل سفارتی اور ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔