ایران کی چابہار بندرگاہ پر پھنسے ہندوستانی ملاح کو ایمرجنسی سفری دستاویز جاری

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2026
ایران کی چابہار بندرگاہ پر پھنسے ہندوستانی ملاح کو ایمرجنسی سفری دستاویز جاری
ایران کی چابہار بندرگاہ پر پھنسے ہندوستانی ملاح کو ایمرجنسی سفری دستاویز جاری

 



نئی دہلی: ایران کی چابہار بندرگاہ پر پھنسے کیرالہ کے ہندوستانی ملاح اکشے ہریش کو ایمرجنسی سفری سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی جلد وطن واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو اس کی تصدیق کی۔ اکشے ہریش کا تعلق کیرالہ کے کولم ضلع کے پراکولم علاقے سے ہے۔ وہ اپنا پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کھو جانے کے باعث ایران میں پھنس گئے تھے۔ ان کی پریشانی اس وقت شروع ہوئی جب ان کے بحری جہاز سے متعلق متعدد مسائل، علاقائی جنگی حالات اور ضروری کاغذات کی گمشدگی نے ان کی واپسی مشکل بنادی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ 9 نومبر کو اکشے کی جانب سے ہندوستانی سفارتی مشن سے رابطہ کیے جانے کے فوراً بعد تہران میں ہندوستانی سفارت خانے اور بندر عباس میں ہندوستانی قونصل خانے نے معاملے میں مداخلت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ملاحوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود حکومت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ جیسوال کے مطابق اکشے نے 2025 میں جاپان میں ’پلام میرین‘ نامی تجارتی جہاز میں ملازمت اختیار کی تھی۔ جب جہاز ایران کی چابہار بندرگاہ پہنچا تو کپتان نے انہیں بتایا کہ ان کا پاسپورٹ اور مسلسل ڈسچارج سرٹیفکیٹ (سی ڈی سی) گم ہوگئے ہیں۔

سی ڈی سی سمندری جہازوں پر کام کرنے والے ملاحوں کے لیے ایک لازمی دستاویز ہے۔ اس کے بعد انہیں جہاز سے اتار دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اکشے کی کمپنی ان کے قیام و طعام کا انتظام کررہی ہے۔ ہندوستانی سفارتی حکام نے جہاز کے مالک اور ایجنٹ سے بھی رابطہ کیا اور انہیں ضروری دستاویزات تیار کرنے کے لیے درکار قانونی کارروائی سے آگاہ کیا۔ تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد اکشے نے ایمرجنسی سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی، جسے اب جاری کردیا گیا ہے۔ جیسوال نے کہا کہ اس دستاویز کے ملنے کے بعد اکشے اب وطن واپس جانے کے اہل ہوگئے ہیں۔

حکومت ان کی جلد از جلد ہندوستان اور کیرالہ واپسی کے لیے کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں ان کے آجر سے مسلسل رابطہ قائم ہے۔ اکشے نے 5 دسمبر 2025 کو پالخڑ کی ایک بھرتی ایجنسی کے ذریعے شپنگ کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق انہیں بتایا گیا تھا کہ تقریباً 35 دن کی مختصر بحری ڈیوٹی ہوگی، جس کے دوران رابطے کی سہولت بھی دستیاب نہیں رہے گی۔ تاہم تقریباً 35 سے 36 دن بعد جب جہاز ایرانی بندرگاہ پہنچا تو عملہ دبئی کے لیے اپنے پہلے سفر کی تیاری کررہا تھا۔

اسی دوران ایران میں جنگ شروع ہوگئی۔ ابتدائی طور پر جہاز کا پاکستان کا سفر، جہاں چاول پہنچائے جانے تھے، بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے مکمل ہوا، لیکن دوسرے سفر کے دوران قانونی اور انتظامی مشکلات پیدا ہوگئیں۔ پاکستانی بندرگاہ کے حکام نے کپتان کے سرٹیفکیٹ سے متعلق مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے جہاز کے کیبن عملے، چیف انجینئر اور کپتان کے پاسپورٹ اور سی ڈی سی اپنے قبضے میں لے لیے اور بھاری جرمانے عائد کردیے۔ ایرانی کپتان اور چیف انجینئر وہاں سے روانہ ہوگئے، جبکہ جہاز پر موجود میانمار کے 6 شہریوں کو بھی ان کے سفارت خانے کی مدد سے وطن واپس بھیج دیا گیا۔ لیکن اکشے چابہار میں تنہا رہ گئے۔ ان کے ساتھیوں کے چلے جانے کے بعد ان کی پریشانی مزید بڑھ گئی اور وہ ایک کمرے تک محدود ہوکر رہ گئے۔

اکشے نے ایک مرتبہ فون پر روتے ہوئے اپنی والدہ سے کہا تھا، ’’امی، یہاں سب لوگ چلے گئے ہیں اور اب میں بالکل اکیلا رہ گیا ہوں۔ میرے کاغذات کی کارروائی ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہے اور لگتا ہے کہ اس میں کئی مہینے لگ جائیں گے۔ امی، کسی طرح مجھے بچا لیجیے اور کسی سے مدد کے لیے کہیے۔‘‘ ان کی والدہ نے بھی بتایا کہ بیٹے کی فون پر گفتگو سے وہ شدید خوفزدہ ہوگئی تھیں۔ اکشے نے انہیں بتایا تھا کہ اسے سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کرے اور جہاز بندر لنگہ کی طرف جارہا ہے۔ اس کے بعد تقریباً 2 ماہ تک اس کا فون نہیں آیا۔ والدہ کے مطابق جنگ میں شدت آنے کے بعد ایران سے دبئی یا عمان جانا ممکن نہیں رہا، جس کے بعد جہاز ایران سے پاکستان کی طرف روانہ ہوا۔ بیٹے کی طویل عرصے تک ایران میں پھنسے رہنے کے خدشے کے پیش نظر اکشے کی والدہ نے مقامی اور قومی سطح کے رہنماؤں سے مدد کی اپیل کی۔

رکن اسمبلی اور وزیر بندو کرشنا نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن، مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر، دہلی میں کیرالہ کے خصوصی نمائندے اور ایران میں ہندوستانی سفارت خانے کو خط لکھا۔ اس کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کوڈیکنل سریش اور مرکزی وزیر سریش گوپی سے بھی شکایت کی گئی۔ مرکزی وزیر سریش گوپی، بندو کرشنا اور جی دیوراجن کی کوششوں کے بعد سفارتی سطح پر کارروائی تیز ہوئی۔ معاملہ باضابطہ طور پر ایران کے سفیر کے سامنے بھی اٹھایا گیا اور ہندوستانی سفارت خانے کے حکام کی جانب سے اکشے سے ملاقات کرکے عارضی سفری دستاویزات فراہم کرنے کی کوششیں شروع کی گئیں۔ اب ایمرجنسی سفری سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد اکشے کی وطن واپسی کی امید روشن ہوگئی ہے۔ (اے این آئی)