نئی دہلی: ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو افسر ایلون مسک نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ کمپنی کا سائبر ٹرک غیر منافع بخش ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ تقریباً 8 ماہ بعد سائبر ٹرک کی پیداوار روک دی جائے گی تاکہ خودکار گاڑی سائبر کیب کی تیاری کو ترجیح دی جاسکے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مسک نے کہا کہ سائبر ٹرک کی مانگ اب بھی کمپنی کی پیداواری صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے، لیکن ٹیسلا اب اپنی توجہ سائبر کیب کی پیداوار بڑھانے پر مرکوز کرنا چاہتی ہے۔
ایک صارف کی پوسٹ کے جواب میں مسک نے کہا، ’’سائبر ٹرک کے آرڈر ملنے کی رفتار ہماری پیداواری رفتار سے کہیں زیادہ ہے۔ ہم تقریباً 8 ماہ بعد اس کی پروڈکشن لائن بند کرنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ گاڑیاں بنانے کی کوشش کریں گے، لیکن بہت سے لوگوں کو ان کی جمع کرائی گئی رقم واپس کرنی پڑے گی۔‘‘ اس صارف نے سائبر ٹرک کی پیداوار سے متعلق مسک کی ایک سابقہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا، ’’اس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ لیکن آنے والے وقت میں کاریں روبوٹ بن جائیں گی، ان کی شکل اور کام کرنے کا طریقہ بدل جائے گا اور ہم اس دور میں واپس نہیں آسکیں گے۔
اس لیے جب تک دستیاب ہے، اسے خرید لیجیے۔‘‘ مسک نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ منافع نہ ہونے کے سبب سائبر ٹرک کی پیداوار بند کی جارہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’جیسا کہ پرانے میڈیا اداروں نے غلط رپورٹنگ کی ہے، یہ فیصلہ اس وجہ سے نہیں کیا جارہا کہ سائبر ٹرک غیر منافع بخش ہے، بلکہ اس کی تیاری کے پیچیدہ عمل میں صرف ہونے والی پیداواری صلاحیت کی قیمت، سائبر کیب کی اضافی پیداوار سے حاصل ہونے والے فائدے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔‘
‘ اس سے قبل بھی مسک نے کہا تھا کہ ٹیکساس میں واقع ٹیسلا کی گیگا فیکٹری میں سائبر ٹرک کی پیداوار 2027 کے وسط کے آس پاس کم کرکے بند کردی جائے گی، تاکہ خودکار گاڑی سائبر کیب کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لیے پیداواری صلاحیت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا، ’’ہم ابھی مزید 8 یا 9 ماہ تک سائبر ٹرک بناتے رہیں گے، لیکن اس کے بعد ٹیسلا کو سائبر کیب کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دینی ہوگی۔
اس جیسی گاڑی دوبارہ کبھی نہیں بنے گی۔‘‘ ٹیسلا نے پہلی بار نومبر 2019 میں سائبر ٹرک متعارف کرایا تھا۔ یہ مکمل طور پر بجلی سے چلنے والا پک اَپ ٹرک ہے، جس کا بیرونی حصہ اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کیا گیا ہے۔ صارفین کو اس کی فراہمی نومبر 2023 میں، یعنی پہلی بار پیش کیے جانے کے 4 سال بعد شروع ہوئی تھی۔ مستقبل کی جدید گاڑی کے طور پر پیش کیے گئے اس ٹرک کو روایتی پک اَپ گاڑیوں کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اسے وہ بڑے پیمانے کی مقبولیت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے جس کی ابتدا میں توقع کی گئی تھی۔