اسرائیل کے ایران پر حملے کے دباؤ کے درمیان جنگ ٹالنے کی کوششیں تیز

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2026
اسرائیل کے ایران پر حملے کے دباؤ کے درمیان جنگ ٹالنے کی کوششیں تیز
اسرائیل کے ایران پر حملے کے دباؤ کے درمیان جنگ ٹالنے کی کوششیں تیز

 



قاہرہ: مغربی ایشیا میں ایک بار پھر شدید جنگ چھڑنے کے خدشے کے درمیان امریکہ کے اتحادی ممالک نے اسے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔ علاقائی حکام کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر ایران کے خلاف مشترکہ فضائی کارروائی شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، وہیں خلیجی ممالک، پاکستان اور ترکی نے امریکہ کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے جنگ روکنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ اس معاملے سے واقف 4 علاقائی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ معلومات دی ہیں۔ یہ سفارتی کوششیں ایسے وقت میں کی جارہی ہیں جب ایران نے بدھ کے روز خلیجی خطے میں اپنے پڑوسی ممالک کے خلاف حملے تیز کردیے۔

ایران نے کویت میں واقع ایک امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا اور بحرین پر بھی کئی حملے کیے۔ بظاہر یہ حملے ایک روز قبل امریکہ کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ تقریباً 2 ماہ بعد ایران نے ایک بار پھر بحرین میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا تعینات ہے۔ علاقائی حکام کے مطابق ان سفارتی کوششوں کا مقصد نیتن یاہو کی ان کوششوں کو ناکام بنانا ہے جن کے تحت وہ امریکہ سے جنگ دوبارہ شروع کرنے یا اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات اور میزائل صلاحیتوں پر فضائی حملے کی اجازت دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ خطے میں امریکہ کے اتحادی ممالک کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے حالیہ دورۂ امریکہ کے بعد ٹرمپ کا مؤقف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے حق میں ہوسکتا ہے۔ گوفمین کے امریکہ دورے سے قبل گزشتہ ہفتے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم آل ثانی نے وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کا مقصد امریکہ اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کرنا تھا۔ ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ ایران پر اقتصادی دباؤ ڈالنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی مہم مؤثر رہی ہے، اس لیے ٹرمپ کو بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ خلیجی خطے میں اپنے اتحادی ممالک سے مسلسل رابطے میں ہے اور اس کے پاس یہ یقینی بنانے کے کئی راستے موجود ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔ ایران کے عرب پڑوسی ممالک کو خدشہ ہے کہ اگر تنازع کا نیا دور شروع ہوا تو اس بار جنگ پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن ہوسکتی ہے۔