امریکہ کی کئی ریاستوں میں پہلی بار دیوالی تقریبات کا انعقاد

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2026
امریکہ کی کئی ریاستوں میں پہلی بار دیوالی تقریبات کا انعقاد
امریکہ کی کئی ریاستوں میں پہلی بار دیوالی تقریبات کا انعقاد

 



واشنگٹن ڈی سی :امریکہ کی پانچ ریاستوں آئیڈاہو، نیبراسکا، مونٹانا، نارتھ ڈکوٹا اور واشنگٹن کے گورنروں نے اس سال پہلی بار اپنی ریاستوں کی اسمبلیوں کی عمارتوں کے مرکزی ہالوں اور گورنر کی سرکاری رہائش گاہوں میں دیوالی کی تقریبات کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات کا انعقاد سیئٹل میں ہندوستانی قونصل خانے کے اشتراک سے کیا گیا۔ ان تقریبات میں امریکی سینیٹرز، کانگریس کے اراکین، مختلف شہروں کے میئرز اور ہندوستانی نژاد امریکی برادری کے افراد نے شرکت کی۔ ریاست واشنگٹن کے 22 شہروں میں بھی دیوالی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات کے لیے سٹی کونسل کے اجلاس ہالوں کا انتخاب کیا گیا، جہاں میئرز اور کونسل کے اراکین نے روایتی چراغ روشن کرکے جشن کا آغاز کیا۔

کئی ریاستوں اور شہروں نے دیوالی اور ہندوستانی نژاد امریکی برادری کی خدمات کے اعتراف میں سرکاری اعلانات بھی جاری کیے۔ یہ تقریبات اکتوبر کے وسط میں شروع ہوئیں اور 10 نومبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔ اس موقع پر ریاست اوریگن کے گورنر کی میزبانی میں ریاستی دارالحکومت سیلم میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سیئٹل سٹی ہال اور کنگ کاؤنٹی کونسل میں بھی تقریبات ہوں گی۔ سیئٹل میں ہندوستانی قونصل خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا، ’’اولمپیا میں واقع واشنگٹن اسٹیٹ کیپٹل میں دیوالی کی پہلی تقریب میں خوش آمدید! ریاستی اسمبلی کی اس شاندار عمارت کا مرکزی ہال دیوالی کی خصوصی تقریب کے لیے ایک خوب صورت مقام ثابت ہوا، جہاں ریاستی قیادت، ہندوستانی نژاد امریکی برادری اور ہندوستان کے دوست ایک ساتھ جمع ہوئے۔‘

‘ قونصل خانے نے واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن اور ریاستی سینیٹر منکا ڈھنگرا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تقریب میں شرکت کی اور ریاست واشنگٹن میں ہندوستانی نژاد امریکی برادری کے ثقافتی ورثے اور خدمات کا اعتراف کیا۔ دریں اثنا، جمعرات کو ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے میں منعقدہ دیوالی کی تقریبات میں شرکت کی۔ روشنیوں کے اس تہوار کی خوشیوں کا ذکر کرتے ہوئے گور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے تقریب کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’نئی دہلی میں اپنے سفارت خانے میں دیوالی مناتے ہوئے خوشی ہوئی۔ یہ تہوار منانے والے تمام لوگوں کو دیوالی کی بہت بہت مبارک باد!‘‘ ادھر، امریکہ کی ڈاک سروس (یو ایس پی ایس) نے دیوالی کی یاد میں ایک نیا یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے ذریعہ منائے جانے والے روشنیوں کے اس تہوار کی ثقافتی اور مذہبی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں امریکی سفارت خانے نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس نئے ڈاک ٹکٹ کے اجرا کے بارے میں اطلاع دی۔ دیوالی ہندوستان اور دنیا کے مختلف حصوں میں منائے جانے والے اہم ترین تہواروں میں سے ایک ہے۔